جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم 14 سال بعد پاکستان آئیگی، شیڈول جاری

586

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم آئندہ سال جنوری میں 14 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی، اس دوران دونوں ٹیمیں دو ٹیسٹ میچز اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں آمنے سامنے آئیں گی۔

سیریز میں شامل دونوں ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ کا حصہ ہوں گے۔مہمان ٹیم 16 جنوری کو کراچی پہنچے گی، سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 26 سے 30 جنوری تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، جس کے بعد جنوبی افریقہ کی ٹیم راولپنڈی روانہ ہوجائے گی، جہاں وہ چار فروری سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں شرکت کرے گی۔

سیریز کے تینوں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے، یہ میچز 11، 13 اور 14 فروری کو ہوں گے۔ دورے میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچنے والی جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنی قرنطینہ کی مدت کراچی میں مکمل کرے گی، جس کے بعد انہیں ٹریننگ سیشنز اور انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچوں میں شرکت کی اجازت ہوگی۔

سال 2007 کے بعد یہ جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کا پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔دونوں ٹیموں نے  2010 اور 2013 میں پاکستان کی ہوم سیریز نیوٹرل وینیو یعنی متحدہ عرب امارات میں کھیلیں تھیں۔

سال 1995 کے بعد سے لے کر اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان کْل 11 ٹیسٹ سیریز کھیلی جا چکی ہیں۔ ان گیارہ میں سے سات میں جنوبی افریقہ جبکہ ایک میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی۔  لہٰذا بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے پاس اب یہ ایک سنہری موقع ہوگا کہ وہ 18 سال بعد جنوبی افریقہ کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دے سکے۔ایسا پہلی مرتبہ ہوگا کہ دونوں ٹیمیں  پاکستان کی سرزمین پر کبھی کسی ٹی ٹونٹی سیریز میں مدمقابل آئیں گی۔