حکومت گرنے والی ہے، خاتمہ کرکے دم لیں گے، خواجہ آصف

265

اسلام آباد (صباح نیوز) مسلم لیگ(ن) کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ حکومت گرنے والی ہے اب صرف بے ساکھیوں پر کھڑی ہے ہم اس جعلی سسٹم کا خاتمہ کرکے دم لیں گے، استعفے منظور نہ ہوئے تو عدالت سے رجوع کریں گے، اسمبلی میں واپس آنے کی نوبت آئی تو شرائط کے ساتھ آئیں گے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کے خاتمے کیلیے آئینی حدود میں رہ کر ہر آپشن استعمال کریں گے، حکومت اب زیادہ دن نہیں ٹھیر سکتی۔ اسٹیبلشمنٹ کہتی ہے کہ سیاستدان آپس کی لڑائیوں میں ہمارے ساتھ لابنگ کرتے ہیں اور اس لیے ہم آتے ہیں، میں اس سے انکار نہیں کرتا کہ ماضی میں ایسا ہوتا رہا ہے۔ 1954ء سے یہ مداخلت شروع ہوئی جب جنرل ایوب وزیر دفاع بنے۔ اگر آپ یہ سب کچھ لپیٹنا چاہتے ہیں تو یہ آئینی طریقے سے ہی ہوگا۔ جب میں وزیر دفاع اور وزیر خارجہ تھا تو مجھے کبھی اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے کسی قسم کی ڈکٹیشن نہیں آئی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ کبھی فوجی مداخلت کی حمایت نہیں کروں گا اگر کروں تو مجھے دوسرا سانس نصیب نہ ہو، میرا یقین ہے لنگڑی لولی جمہوریت فوجی حکمرانی سے بہتر ہوتی ہے۔