حکومتی مداخلت نے اداروں میں انصاف کا جنازہ نکال دیا ، لیاقت بلوچ

443

 

 

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عدلیہ ،نیب ،ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن کے اداروں میں حکومتی مداخلت نے کرپشن میںاضافہ اور انصاف کا خاتمہ کردیا ہے ۔لاپتا افراد کا مسئلہ حل نہ کرنا عمران خان سرکار کی بڑی ناکامی اور اسٹیٹس کو کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ لیاقت بلوچ نے روجھان جمالی بلوچستان میں سابق وزیر اعظم میر ظفر اللہ جمالی کے انتقال پر ان
کے بیٹوں اور خاندان کے بزرگوں اور عمائدین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم قومی سیاست میں شائستگی اور تجربہ کار قومی رہنماتھے ۔اس موقع پر مولانا عبد الحق ہاشمی ،ہدایت الرحمن ،عبدالحفیظ بجارانی ،امان اللہ شادیزئی ،حزب اللہ جھکڑو ،بشیر احمد ماندئی اور دیگر رہنما بھی ساتھ تھے ۔لیاقت بلوچ نے سکھر ،جیکب آباد ،ڈیرہ مراد جمالی ،جعفر آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان حکومت سے پورے ملک میں عوام مایوس ہیں۔حکومتی نااہلی اور ناکامی عوام میں شدت اور غصے میں اضافہ کررہی ہے ۔مسلم لیگ ن ،پیپلز پارٹی اور فوجی حکمرانوں کی ناکامیوں میں پی ٹی آئی حکومت نے دوچند اضافہ کردیا ہے ۔ اندرون سندھ اور بلوچستان میں عوام مہنگائی ،بے روز گاری اور ریاستی جبر سے بے زار ہیں ۔نوجوانوں کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں روز گار کا کوئی لائحہ عمل نہیں رکھتیں۔حکومت کرپشن کے خاتمے کے ہوائی دعوے کررہی ہے ۔لیاقت بلوچ نے لاہور میں گلگت بلتستان کے نوجوانوں کے وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جی بی اور آزاد کشمیر کے عوام کو تمام سیاسی ،آئینی ،عوامی اور معاشی حقوق دینے میں حکومتیں ناکام رہی ہیں ۔ڈرامے بازی کی وجہ سے مسئلہ کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے ۔گلگت بلتستان انتخابات میں ایک مرتبہ پھر راولپنڈی اور اسلام آباد کی مداخلت کا لیبل لگ گیا ہے ۔ شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کے بغیر عوامی اعتماد بحال نہیں ہوسکتا ۔ریاستی مداخلت روکنے کے لیے سیاسی ،جمہوری قوتوں کو خود جمہوری کردار ادا کرنا ہوگا۔2018ء کے انتخابات دھاندلی زدہ تھے ۔ اس کی بنیاد پر حکومت اور ریاست ملک کو بحرانوں سے نہیں سکتی۔