فرانس جلد صدر میکرون سے چھٹکارہ حاصل کرلے گا، ترک صدر

434

انقرہ: ترک صدر طیب اردوان نے امید ظاہر کی ہے کہ فرانس جلد صدر ایمانوئیل میکرون جیسے بوجھ سے چھٹکارہ حاصل کرلے گا۔

ترک صدر طیب اردوان نے ایک بار پھر فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ فرانس ایک مشکل اور دشوار دور سے گزر رہا ہے جس میں صدر میکرون اپنے ملک پر بوجھ بن چکے ہیں، میں امید کرتا ہوں کہ فرانس جلد اس بوجھ سے چھٹکارہ حاصل کرلے گا۔

انہوں نے کہا کہ صدر میکرون اپنے بیانات اور طرز عمل سے دنیا بھر میں فرانس کے لیے بدنامی کا باعث بن رہے ہیں اور فرانسیسی عوام یہ حقیقت جان چکی ہے اس لیے فرانسیسی صدر کا مستقبل زیادہ روشن نہیں رہا۔

اس موقع پر ویکسین سے متعلق سوال پر صدر اردوان نے کہا کہ ترکی نے چین اور امریکی دواساز کمپنی فائزر کو مہلک وائرس کی ویکسین کے بڑے بڑے آرڈرز بھی دے رکھے ہیں، ترکی نے چین کو کورونا ویکسین کی 5 کروڑ ڈوز کا آرڈر دیا اور یہ ویکسین کی پہلی کھیپ 11 دسمبر کو ترکی پہنچے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپنے شہریوں کے سامنے مثال بننے کیلئے خود کورونا ویکسین لینے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے اور اس اقدام کا مقصد شکوک شبہات کو دور کرنا ہوگا۔