حکومت گرانے کی باتیں آئین سے غداری ہے، فیاض چوہان

221

 لاہور( آن لائن ) صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حکومت کو گرانے کی باتیں آئین اور قوم سے غداری ہے، اسحاق ڈار کے انٹرویو نے ن لیگ کو مزید بے نقاب کر دیا ہے، عوامی مینڈیٹ سے بنی حکومت کے سامنے ان گیدڑ بھبکیوں کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ صحافیوں سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے فیاض چوہان نے کہا کہ منتخب حکومت کو گرانے کی باتیں آئین اور قوم سے غداری ہے اور مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے ہمیشہ کی طرح سیاسی تنقید کی آڑ میں اپنے کیسز کا رونا رویا ہے۔ پاکستان ڈیمو کریٹ موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پاس دلائل ہوتے تو انہیں دھمکیوں کی ضرورت نہ پڑتی اور دلائل ہوتے تو اسحاق ڈار انٹرنیشنل فورم پر یوں تضحیک کا شکار نہ ہوتے۔ وزیر جیل خانہ جات نے کہا کہ اسحاق ڈار کے انٹرویو نے بین الاقوامی سطح پر ن لیگ کے کمزور کیس کو بے نقاب کر دیا ہے۔