سرحدی انتظامات کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے، عمران خان

261

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وزارت داخلہ کے ایڈیشنل سیکریٹری کی نگرانی میں ایک خصوصی ڈویژن تشکیل دینے کا حکم دیا ہے تا کہ سرحدی انتظامات کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جاسکے۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس کی سربراہی کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت آزاد لیکن محفوظ سرحدوں پر یقین رکھتی ہے جبکہ متعلقہ شعبہ جات کو سرحدوں کی سیکیورٹی اور انتظامات پر بروقت معلومات اور اعداد و شمار فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سرحدوں کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ تجارتی سرگرمیوں بالخصوص پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارت کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔

اجلاس میں وفاقی وزرا غلام سرور خان، شبلی فراز، اعجاز شاہ، علی حیدر زیدی اور معاون خصوصی معید یوسف کے علاوہ انٹرسروسز انٹیلیجنس کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید شریک ہوئے جبکہ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ 10 مختلف وفاقی وزارتیں اور صوبائی حکومتیں اس نظام سے منسلک ہیں لیکن وفاقی سطح پر بارڈر کے معاملات کو دیکھنے کے لیے کوئی مرکزی ادارہ موجود نہیں۔

اجلاس کو مختلف سرحدی گزرگاہوں پر نصب نظام کے علاوہ سرحدی باڑ پر بھی بریفنگ دی گئی جبکہ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پاکستان میں زمینی، ہوائی اور بحری راستوں سے داخل ہونے والے افراد کی تفصیلات ایک جگہ اکٹھا کرنے کی اشد ضرورت ہے اور  غیرقانونی راستوں کی بندش اور اسمگلنگ کی روک تھام سے ملکی معیشت کو ایک سال میں اربوں روپے کا فائدہ ہوا ہے۔