لیگی رہنمائوں کی عبوری ضمانتوں میں18دسمبر تک توسیع

221

 لاہور (آن لائن) لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ریلی نکالنے اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں درج مقدمہ میں سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، سابق صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق،لیگی رہنما ملک وحید اور رانا احسان کی عبوری ضمانتوں میں 18 دسمبر تک توسیع کر دی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر پولیس سے تفتیشی رپورٹ و مقدمہ کا ریکارڈ طلب کر لیا۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے کیس کی سماعت کی۔ پیر کولیگی رہنمائوں نے اپنے وکیل فرہاد علی شاہ کے ساتھعدالت میں پیش ہوکر اپنی حاضری لگوائی۔لیگی رہنمائوں کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اس کیس میں غیر ضروری طور پر دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئیں۔عدالت نے تفتیشی افسر سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ کس طرح اس مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئیں، پولیس کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ دو سال قبل اس میں یہ دفعات شامل کی گئیں۔ فاضل جج نے کہا کہ قانون کے مطابق کارروائی کریں، دیکھیں دفعات لگتی ہیں یا نہیں۔ پولیس نے موقف اپنایا کہ عدالت کا جیسا حکم ہو گا ویسے کریں گے۔