امیر جماعت اسلامی نے اسٹیل ملز ملازمین کی برطرفی کیخلاف تحریک التوا جمع کرادی

389

اسلام آباد: جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے پاکستان اسٹیل ملز سے چار ہزار پانچ سو ملازمین کو فارغ کرنے کے خلاف تحریک التواء سینیٹ سیکریٹریٹ میں جمع کرا دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک التواء سینیٹ کے قواعد و ضوابط مجریہ 2012ء کے قاعدہ  85 کے تحت جمع کرائی گئی ہے،تحریک التواء میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے پاکستان اسٹیل ملز کے چار ہزار پانچ سو سے زائد ملازمین کو اپنی ملازمتوں سے فارغ کردیا ہے اور اس حوالہ سے باقاعدہ ترجمان پاکستان اسٹیل ملز کی طرف سے برطرفی کی 27 نومبر 2020ء کوپریس ریلیز جاری کی گئی ہے۔

تحریک التواء میں وفاقی وزیر حماد اظہر کا اسٹیل مل کے حوالے سے بیان کا بھی حوالہ دیا گیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ95 فیصد ملازمین کو فارغ کردیا جائےگا،سینیٹر سراج الحق نے تحریک التواء میں کہا ہے کہ حکومت کا مذکورہ اقدام ہزاروں خاندانوں کا معاشی قتل اور ان کے لیے انتہائی صدمہ کا پیغام ہے،تحریک التواء میں انتہائی اہم اور فوری نوعیت کے اس قومی اہمیت کے حامل معاملے کو زیر بحث لانے کے لیے ایوان کی معمول کی کارروائی روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔