کراچی میں سردی کا راج، مختلف علاقوں میں ہلکی و تیز بارش

402

کراچی کے مختلف علاقوں میں رات دیر سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے باعث موسم سرد ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں سرد ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ شمال مشرق سے ہواؤں کی رفتار 18 سے 27 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

رپورٹس کے مطابق کراچی کے علاقوں سرجانی ٹاؤن اور نارتھ کراچی سمیت آئی آئی چندریگر روڈ پر بوندا باندی، بلدیہ ٹاؤن، ملیر ہالٹ میں ہلکی بارش ہوئی۔

گلزارِ ہجری، گلستان جوہر، گلشن اقبال، راشد منہاس روڈ، گلشنِ جمال، شارع فیصل، شاہ فیصل کالونی، ملیر، قائد آباد میں بھی ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

 محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بوندا باندی، ہلکی بارش وقفے وقفے سے صبح تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 26 اور 27 نومبر کو کراچی میں تیز ہوائیں چل سکتی ہیں جن کی رفتار 45 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک رہ سکتی ہیں۔

دوسری جانب ملک کےبالائی علاقے آج بھی یخ بستہ ہواؤں کی لپیٹ میں رہیں گے جبکہ میدانی علاقوں میں موسم سرداورخشک رہنےکی توقع ہے۔

کراچی میں ہونے والی بوندا باندی کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی اور تاریکی چھا گئی ۔

بارش کے بعد ملیر، کالا بورڈ، قائد آباد اور سہراب گوٹھ میں بجلی غائب ہو گئی ہے جب کہ ابوالحسن اصفہانی روڈ، لیاری، گارڈن، گارڈن اور اولڈ سٹی ایریا کے بیشتر علاقے بھی تاریکی میں ڈوب گئے ہیں۔