کنٹرول لائن پر جھڑپیں ، ایک بھارتی فوجی ہلاک ، کھوئی رٹہ سیکٹر میں بچی شہید ، 10 زخمی

162

 

سیری/ جموں/ نئی دہلی (صباح نیوز) مقبوضہ کشمیر کے ضلع راجوری میں ایل او سی پر پاک بھارت افواج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک بھارتی فوجی ہلاک ہوگیا‘ بھارتی فوج نیکھوئی رٹہ سیکٹر میں سول آبادی کو نشانہ بناتے ہوئے بلااشتعال فائر نگ اور شدید گولہ باری کی جس سے ایک بچی شہید جبکہ 10 افراد زخمی ہو گئے‘ زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوآرٹر اسپتال کھوئی رٹہ لایا گیا جہاں سے ابتدائی طبی امداد کے بعد 3 زخمیوں کو ڈی ایچ کیو کوٹلی منتقل کر دیا گیا‘ جام شہادت نوش کرنے والی 5 سالہ بچی کی شناخت حورین ولد محمد عرفان کے نام سے ہوئی ۔ ادھر پاک فوج نے منہ توڑ جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کی کئی پوسٹیں تباہ کردیں جس کے بعد دشمن کو سانپ سونگھ گیا ۔ وزیراعظم آزاد کشمیرراجا فاروق حیدر
خان نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کا خون اتنا ارزاں نہیں کہ لائن آف کنٹرول پر بہتا رہے‘ حکومت پی ڈی ایم کے بجائے بھارتی فوج پر گولہ باری کرے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نوشیرہ سیکٹر کے لام علاقہ میں دونوں اطراف سے فائرنگ رات دیر گئے شروع ہوئی جس کے نتیجے میں ایک حوالدار شدید زخمی ہوا اور بعد میں ہلاک ہوگیا ۔ پاک فوج نے بھارتی توپوں کو خاموش کرانے کے لیے سخت جواب دیا اور کچھ وقت تک دونوں طرف سے فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا۔ نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن کے سینئر سفارتکار کو طلب کرتے ہوئے بھارتی حکومت نے جیش محمد کی مبینہ سرپرستی کرنے پر سخت احتجاج ریکارڈ کرایا ۔ وزارت امور خارجہ نے پاکستانی سفارتکار کو طلب کیا اور الزام لگایا کہ جموں و کشمیر میں مجالس مقامی کے انتخابات سے قبل ماحول کو بگاڑنے کے لیے حملے کرائے جارہے ہیں جو ناقابل برداشت ہیں۔