پشاور: پی ڈی ایم کا جلسہ، موبائل سروس بند

952

پشاور: گیارہ حکومت مخالف جماعتی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا پاور شو آج پشاور میں ہوگا جبکہ سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے جلسہ گاہ کے اطراف میں موبائل سروس جزوی بند کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کے آج ہونے والے  پشاور جلسے پر پابندی کے باوجود میدان سج گیا ہے  اور تیاریوں کو حتمی شکل دی جارہی ہےجبکہ جلسہ گاہ (پنڈال) کے اطراف میں موبائل سروس کو جزوی بند کر دیا گیا ہے اور جلسہ گاہ کو جانے والے مختلف روڈ پر روکاوٹیں لگا کر  بند ہیں۔

رپورٹس کے مطابق پشاورمیں انتظامیہ نے پی ڈی ایم کو تو جلسے کی اجازت نہیں دی لیکن کبوتر چوک میں جلسے کےلیے میدان سج گیا ہے جبکہ دلزاک روڈ، رنگ روڈ اور دیگر سڑکیں جلسہ گاہ کو جانے کے لیے بند کر دی گئیں ہیں۔

 آج جلسے میں سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان اور مسلم لیگ ن کی نائب صدرمریم نوازسمیت پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو اور دیگر قائدین خطاب کریں گے، جس کے لیے  جلسہ گاہ میں 50 ہزارکرسیاں لگائی جائیں گی، 8 فٹ اونچا اور32 فٹ چوڑا اور120 فٹ لمبا اسٹیج بھی تیار کرلیا گیا ہے۔

واضح رہے پشاورمیں پی ڈی ایم جلسے کے لیے 4 ہزار سے پولیس افسران واہلکار امن وامان اور سیکیورٹی کی ڈیوٹی سرانجام دینگے اور ان کے ساتھ جے یو آئی کے انصار الاسلام کے دستے بھی تعینات ہوں گے جبکہ اے این پی کے رہنماء بھی سرخ لباس میں شرکت کریں گے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ میں کہا تھا کہ عوامی تحفظ کے معاملے پر غیر ذمہ دارانہ سیاست کی جا رہی ہے، اپوزیشن ایسے وقت جلسے کرنے پر بضد ہے اور عدالتی فیصلے کی حکم عدولی کی جارہی ہے جب کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے۔