پاکستان اور بھارت میں ایک دوسرے کے ناظم الامور طلب

79

اسلام آباد/ نئی دہلی (خبر ایجنسیاں) پاکستان اور بھارت نے ایک دوسرے کے ناظم الامور طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا۔تفصیلات کے مطابق ہفتے کو ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا ہے۔ نریندری مودی کی جانب سے پاکستان مخالف الزامات پر پاکستان نے شدید احتجاج کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی الزامات مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ کسی بھی فالس فلیگ آپریشن میں پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہو گی۔ پاکستان پہلے ہی ناقابل تردید ڈوزیئر جاری کر چکا ہے۔ یہ ڈوزئیر بھارت میں دہشت گردی کی معاونت کے شواہد پر مبنی ہے۔ دوسری جانب بھارت نے دہلی میں اعلیٰ پاکستانی سفارتکار کو طلب کر کے نیگروٹا واقعے پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ہے ۔ بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت نے نئی دہلی میں پاکستانی سی ڈی اے ناظم الامور کو طلب کر کے ایک احتجاجی مراسلہ بھی ان کے حوالے کیا جس میں جموں و کشمیر کے علاقے نیگروٹا میں دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی میں پاکستان کے کردار کا الزم عاید کرتے ہوے اس کی مذمت کی گئی ہے ۔ اپنے احتجاج میں بھارت نے کہا ہے کہ پاکستان سرحد پار دہشت گردوں کی معاونت بند کرے جبکہ اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کرنے کے لیے موثر کارروائیاں کرے ۔ واضح رہے ایک ہفتہ قبل بھارت نے جموں و سرینگر شاہراہ پر کارروائی کر کے چار افراد کو جیش محمد کے دہشت گرد قرار دے کر قتل کر دیا گیا تھا جبکہ الزم عائد کیاتھا کہ یہ لوگ پاکستان کی معاونت سے دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔