دشمن کے مقابلے کے لیے عالم اسلام متحد ہو‘ حافظ ادریس

155

لاہور(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے رہنما حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ دشمن قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے عالم اسلام کو متحد ہونا پڑے گا۔دنیا بھر میں ہونے والے مسلمانوں کے قتل عام کو روکنے کے لیے پوری امت کو وحدت اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔عالم اسلام پر ایسے حکمران مسلط ہیں جو دشمن کے عزائم اور ایجنڈے کی تکمیل کے لیے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔پاکستان 73سال سے اسلامی نظام کے لیے ترس گیا ہے مگر یہاں وہی نظام مسلط ہے جس سے آزادی
کے لیے کروڑوں مسلمانوں نے بے مثال قربانیاں دی تھیں ۔شراب پر پابندی نہ لگانے ،سودی معیشت کے حق میں دلیلیں دینے اور معصوم بچوں و بچیوں کو اغوا اور زیادتی کے بعد قتل کرنے والوں کومغرب کے دبائو پر پھانسیوں سے بچانے والے اللہ کے غضب کو دعوت دے رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ محمد ادریس نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے واضح احکامات کے باوجود لبرل اسلام کے نعرے لگانے ،شراب کو ثقافت کا حصہ قرار دینے اور سود کے بغیر کاروبار تباہ ہونے کی باتیں کرنے والے دراصل اسلام دشمنوں کی زبان بول رہے ہیں ۔ وزیراعظم کے ارد گرد بھی ایسے لوگ موجود ہیں جو اسلام کو نظام زندگی اور نظام مملکت بنانے کی مخالفت کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شرم کی بات ہے کہ غیر مسلم پارلیمنٹ میں تقریر کرکے شراب کی فروخت پر پابندی کا مطالبہ کررہے ہیں اور مسلمان غیر مسلموں کے نام پر شراب کے پرمٹ حاصل کرکے شراب فروخت کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو منافقانہ اور معذرت خواہانہ رویہ ترک کرکے پاکستان کو آئین کی روح کے مطابق ایک حقیقی اسلامی و فلاحی مملکت بنانے کی طرف قدم بڑھانا ہوگا۔