کورونا کی لہر میں شدت ، مزید 37 اموات ، کراچی کے 4اضلاع میں اسمارٹ اور 2 میں مائیکرو لاک ڈائون کا فیصلہ

409

 

کراچی /لاہور/اسلام آباد/پشاور/کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر +خبرایجنسیاں)پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر شدت اختیار کرتی جارہی ہے اور مزید 37 افراد انتقال کرگئے۔ سرکاری رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 42909 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 2738 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ این سی او سی کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کیے گئے ٹیسٹوں میں کورونا مثبت آنے کی شرح 6.4فیصد رہی۔سرکاری پورٹل کے مطابق پاکستان میں کورونا کیسز سے ہلاکتوں کی تعداد 7561 ہوگئی ہے جب کہ مجموعی کیسز 3 لاکھ 68665 تک جا پہنچے ہیں۔اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 868 مریض کورونا سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔علاوہ ازیں کراچی کے سوا ملک بھر میں شادی ہالز بند کردیے گئے ہیں کہ آؤٹ ڈور شادی کی تقریب میں 300 سے زائد مہمان شریک نہیں ہوسکیں گے۔این سی او سی کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق تقریب کا انعقاد اور جگہ کا انتخاب
لوکل ہیلتھ اتھارٹی کی مشاورت سے ہو گا، شادی کی آؤٹ ڈور میں کنوپی ٹینٹ کا استعمال ممنوع ہوگا۔ شادی تقریب کے شرکاء کے مابین 6فٹ کا فاصلہ ہوگا،ہر مہمان کے لیے ماسک پہننا لازم ہو گا، ہر مہمان کو ماسک اور سینیٹائزر میزبان فراہم کرے گا۔شادی تقریب کا دورانیہ 2گھنٹے ہوگا جو رات 10بجے تک ختم کرنا ہوگا، تقریب کا میزبان کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کا ذمے دار ہو گا۔ایس او پی کی خلاف ورزی پر منتظم کے خلاف کارروائی ہو گی۔ادھر کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے بینکوئٹ اور شادی ہالز کو کام کرنے کی مشروط اجازت دے دی۔صدر کراچی بینکوئٹ اینڈ ہالز ایسوسی ایشن شارق میمن کے مطابق کمشنر کراچی کے ساتھ اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ بینکوئٹس کو کام جاری رکھنے کے لیے اپنی کنوپی شیڈز کا 25 فیصد وینٹی لیشن بہتر بنانے کے لیے اتارنا ہوگا اور تازہ ہوا کی فراہمی بنائے رکھنے کے لیے ایگزاسٹ فین کا استعمال کرنا ہوگا۔شارق میمن کے مطابق کمشنر آفس نے آرسی سی چھتوں والے شادی ہالز کو وبا کی دوسری لہر کے دوران بند رکھنے کے احکامات دیے ہیں جس کی پاسداری ہوگی۔علاوہ ازیں کراچی کے4 اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈاؤن اور 2 میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا۔ایڈمنسٹریٹر و کمشنر کراچی افتخار شلوانی کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز (ڈی ایچ اوز) کا اجلاس ہوا جبکہ اجلاس میں سیکرٹری ہیلتھ کاظم جتوئی نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں شہر میں کورونا کی صورتحال اور ضابطہ کار پر عملدرآمد کے حوالے سے غور کیا گیا۔کمشنر کراچی کے مطابق ضلع جنوبی، شرقی، وسطی اور غربی کے ڈپٹی کمشنرز اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن آج ہفتے کوجاری کر دیں گے جبکہ ضلع کورنگی اور ملیر میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ہوگا۔مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن میں محکمہ صحت کی سفارش پر مخصوص گلیاں، علاقے یا محلے سیل ہوں گے۔دوسری بلوچستان حکومت نے صوبے بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے بعد پہلی جماعت سے8ویں جماعت تک کے امتحانات ملتوی کردیے۔سیکرٹری تعلیم بلوچستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق رواں ماہ نومبر کے آخر میں ہونے والے پہلی جماعت سے مڈل کے امتحانات اگلے سال2021ء میں10مارچ کو ہوں گے۔سیکرٹری تعلیم شیرجان بازئی نے کہا کہ اسکولوں کے ر زلٹ پر مڈل امتحانات کے سرٹیفکیٹ جاری کیے جائیں گے۔ سالانہ امتحانات کے فوراً بعد نئے تعلیمی سال کا آغاز کردیا جائے گا۔مزید برآں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی برائے کورونا وائرس کا اجلاس بدھ 25 نومبر کو پارلیمنٹ ہائوس میں طلب کرلیا ہے۔