ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں کوئی توسیع نہیں ہوگی، ایف بی آر

164

اسلام آباد (اے پی پی) فیڈرل بور ڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے ایک مرتبہ پھر تمام ٹیکس گزاروں کو یاددہانی کرائی ہے کہ وہ اپنے سالانہ انکم ٹیکس گوشوارے حتمی تاریخ 8 دسمبر 2020 تک جمع کرا دیں کیونکہ اس تاریخ میں مزید توسیع نہیں ہوگی۔ ترجمان ایف بی آر نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001ء کے سیکشن 114 کے تحت و ہ تمام افراد جو 500 مربع گز سے زیادہ کا گھر یا 1000 سی سی یا اس سے زیادہ کی گاڑی رکھتے ہیں وہ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے ذمے دار ہیں۔ ایسے افراد جن کاسالانہ کمرشل بجلی کا بل 5 لاکھ سے زاید یا کاروباری آمدنی ٹیکس سال میں 3 لاکھ سے تجاوز کر جائے وہ بھی گوشوارے جمع کرانے کے پابند ہیں۔ 6 لاکھ سے زاید آمدنی والے تنخواہ دار افراد کے لیے لازم ہے کہ وہ اپنے سالانہ ٹیکس گوشوارے جمع کرائیں۔