ازمیر (ترکی): امدادی کارکن اور شہری طاقت ور زلزلے سے منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے میں دبے افراد کو نکالنے کی کوشش کررہے ہیں

انقرہ؍ ایتھنز (انٹرنیشنل ڈیسک) ترکی اور یونان میں آنے والے طاقت ور زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتیں بڑھتے ہوئے 37ہوگئیں۔ جمعہ کے روز 6.6کی شدت سے آنے والے زلزلے نے بحیرہ ایجیئن کے ترک ساحلی علاقے اور یونان جزیرے ساموس کو سب سے زیادہ متاثر کیا۔ ترک شہر ازمیر میں شدید جھٹکوں کی وجہ سے کئی بلند عمارتیں منہدم ہوگئیں اور رہایشی ملبے تلے دب کر رہ گئے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق زلزلے کے باعث مجموعی طور پر 800سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ زلزلے کے بعد ترک شہر میں کم شدت کے مزید 196جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ازمیر میں 4مقامات پر20عمارتیں منہدم ہوئیں۔ امدادی کارکنوں نے عمارتوں کے ملبے سے 140 افراد کو زندہ نکا ل لیا۔ زخمیوں میں سے کئی کی حالت نازک ہے۔ زلزلے کے جھٹکے استنبول سمیت ترکی کے کئی بڑے شہروں، یونانی دارالحکومت ایتھنز اور مشرقی یورپی ملک بلغاریہ میں محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے بعد ساحلی شہروں میں سونامی کی ایک لہر بھی آئی اور ساموس جزیرے میں گلیوں میں پانی بھر گیا،تاہم وہاں ترکی کی نسبت نقصانات بہت کم رہے۔ ساموس میں ایک عمارت کے گرنے سے 2افراد ہلاک ہوگئے،جب کہ شہری کسی بڑے نقصان سے محفوظ رہے۔