فرانس نے توہین رسالت کرکے بزدلی اوربد تہذیبی کی، دردانہ صدیقی

254

چترال/ اسلام آباد(نمائندگان خصوصی) جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہاہے کہ اسلام دشمن قوتیں بوکھلاہٹ کاشکار ہوکر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہیں، فرانس نے سید الانبیا ؐ کی شان میں گستاخی کرکے بزدلی اور تہذیب سے عاری رویے کا اظہار کیا ہے، لیکن وہ یہ نہیں جانتے کہ ان کی ان حرکتوں سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان پر کوئی آنچ نہیں آسکتی کیوں کہ اللہ نے خود آپ ؐ کی حفاظت اور مقام بلند کرنے کا ذمہ لیا ہے۔ جو مشن پیغمبر اسلام لائے تھے اب اس مشن کو مکمل کرنے کی ذمے داری ہماری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن اسکول چترال میں اجتماع عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجتماع میں جامعتہ المحصنات سینگور اور جامعہ المحصنات چترال کی طالبات اور اساتذہ بھی شریک تھیں۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹریز عائشہ سید، ثمینہ سعید،سکینہ شاہد ،سیکرٹری تسنیم معظم ،رکن صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا حمیرہ خاتون،ناظمہ صوبہ خیبر پختونخوا عنایت بیگم اور دیگر بھی موجود تھیں۔ دردانہ صدیقی نے مزید کہا کہ بیسویں صدی کی تاریخ میں پاکستان کا قیام ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ ہمیں اپنی تاریخ کو یاد رکھنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان دنیا کے نقشے میں ابھرنے والا واحد ملک تھا جو نظریاتی بنیاد پر قائم ہوا تھا۔ اللہ کی مدد اور عوام کی حمایت سے جماعت اسلامی کی اسلامی اور خوشحال پاکستان کی جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔