فرانس سے تعلقات،حکومت عوامی جذبات سامنے رکھ کر فیصلہ کرے

179

اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد ہائی کورٹ نے گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر فرانس سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کی درخواست پر معاملہ وفاقی کابینہ کے سامنے رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔ بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں فرانس میں سرکاری سطح پر گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے معاملے پر فرانس سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کی درخواست پر سماعت
ہوئی۔ شہدا فاؤنڈیشن کے وکیل طارق اسد عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ فرانس میں خاکے شائع کرنے پر ترکی، قطر سمیت متعدد مسلم ممالک نے احتجاج کیا ہے لیکن یہاں عوامی ترجمانی نہیں کی گئی جس پر معزز جج محسن اختر کیانی نے کہا کہ پاکستان کی حکومت نے واقعے کی مذمت توکی ہے‘ فرانسیسی سفیرکو بھی بلایا ہے‘ قومی اسمبلی سے قرار داد بھی پاس ہوئی ہے اور پارلیمنٹ سے قرار دادکا آنا بھی عوام کی ترجمانی ہے۔ عدالت نے فرانس سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے معاملے کو کابینہ کے سامنے رکھنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ کابینہ عوامی جذبات کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کرے۔