مہنگائی، گیس وبجلی بحران کی ذمے دار پی پی اور ن لیگ ہے، عمر ایوب

494
حیدرآباد: وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب پریس کانفرنس کررہے ہیں

حیدرآباد( اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ ملک میں موجودہ مہنگائی ‘ بجلی اور گیس کا بحران کا پیپلزپارٹی اور(ن) لیگ کی کرپشن کا نتیجہ ہے ہم نے جب حکومت سنبھالی تو مسلم لیگ (ن) نے خزانے میں صرف ہفتے کا زرمبادلہ کے ذخائر چھوڑے تھے ،، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 20 ارب روپے تھا ، بجلی کے حوالے سے ان حکومتوں نے جو معاہدے کیے ان میں کرپشن کی گئی۔وہ سرکٹ ہائوس میں پریس کانفرنس کر رہے تھے، ان کے ساتھ سابق
وزیر اعلیٰ و جی ڈی اے کے رہنما غلام ارباب رحیم، ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی انجینئر صابر قائمخانی ، پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ اور دونوں جماعتوں کے دیگر ارکان اسمبلی و عہدیدار بھی موجود تھے۔ انہوںنے کہاکہ مہنگائی ،بے روزگاری، بجلی اور گیس کا بحران مسلم لیگ ن اور پی پی کی کرپٹ حکومتوں کی لوٹ مار کا نتیجہ ہے جنہوں نے 30 ہزار ارب کے قرضے اورخالی خزانہ چھوڑا، بجلی کے نہایت مہنگے معاہدے کیے اورگیس کی نئی دریافت نہیں۔ جب عمران خان وزیر اعظم بنے تو ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا ۔آج مسائل کا جائزہ لینے کے بعد حیسکو کی ٹیم چیمبرآف کامرس سمیت تاجروں کی تنظیموں سے کہا گیا ہے کہ وہ جلد سفارشات مرتب کر کے بھیجیں کہ کتنے گرڈ اسٹیشنز، فیڈڑز، ٹرانسفارمرزو دیگر چیزوں کی ضرورت ہے ،وزارت جلد ان کو منظور کرکے مسائل کو حل کرے گی۔علاوہ ازیںگو رنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے سرکٹ ہاؤس حیدرآباد میں ایوان صنعت و تجارت حیدرآبادکے ایک وفد کے ساتھ اجلاس منعقد کیا ۔ اجلاس میں وفد کے اراکین نے صنعتکاروں اور تاجروں کو درپیش مسائل سے گورنر سندھ کو آگاہ کیا ۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر کہا کہ تاجر برادری ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور انہیں درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیںگے۔