زمبابوے کیخلاف 6 کھلاڑی راولپنڈی کے ،کراچی کا کوئی نہیں

475

کراچی (اسٹاف رپورٹر/سید وزیر علی قادری)پاکستان اور زمبابوے کے مابین 3 ون ڈے اور3 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز پنڈی کرکٹ ا سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلی جائے گی۔ سیریز کیلئے اعلان کردہ 22 رکنی قومی اسکواڈ میں 6 کا ہوم گراؤنڈ بھی یہی میدان ہے۔ محدود طرز کی کرکٹ میں پاکستان کے نائب کپتان شاداب خان، فاسٹ بولر حارث رؤف، وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر اور موسیٰ خان راولپنڈی کے رہائشی ہیں جبکہ تجربہ کار آل راؤنڈر عماد وسیم کا تعلق اسلام آباد سے ہے۔ اٹک کے رہائشی حیدر علی نے بھی زیادہ تر ہوم میچز راولپنڈی میں ہی کھیلے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنی پریس ریلیز میں کہا ہے کہ یہ تمام کھلاڑی پہلی مرتبہ ایک ساتھ پاکستان کے اسکواڈ میں شامل ہوئے ہیں۔زمبابوے کے خلاف اس سیریز نے جڑواں شہروں میں بسنے والے ان کھلاڑیوں کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم سے ماضی کی خوشگوار یادوں کو تازہ کرنے کا موقع فراہم کردیا ہے۔واضح رہے کہ قومی اسکواڈ میں 3کروڑ کی آبادی والے شہر منی پاکستان کراچی سے کوئی کھلاڑی شامل نہیں۔ اس سلسلے میں مقتدر کھیلوں سے وابستہ شخصیات کا احتجاج جاری ہے جبکہ چند روز میں کراچی اسپورٹس لورز کی جانب سے پیٹرن انچیف وزیر اعظم عمران خان اورپاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کی توجہ مرکوز کرانے کے لیے ریلی کی تیاریاں جاری ہیں اور کراچی سے تعلق رکھنے والے سابق لیجنڈ کرکٹرز، کے سی سی اے کے سابق عہدیداران اور آرگنائزرز سے رابطوں میں تیزی آگئی ہے۔