دہشت گردی کے واقعات‘ 5برس میں3ہزار384 افراد شہید ہوئے‘ وزارت داخلہ

247

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) وزارت داخلہ نے 2015ء سے تاحال دہشت گردی کے واقعات میں شہید اور زخمی ہونے والے افراد کی تفصیلات جاری کردیں ۔ دستاویز کے مطابق 2015ء سے13 ستمبر2020ء تک دہشت گردی کے3990 واقعات ہوئے‘ ان واقعات میں شہدا کی کل تعداد 3ہزار384ہے۔ پارلیمنٹ میں پیش کی گئی دستاویز کے مطابق دہشت گردی کے ان واقعات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے1457 اہلکاروں نے شہادت نوش کی جبکہ 1927 شہری اپنی جانوں سے گئے‘ اس کے علاوہ دہشت گردی کی ان کارروائیوں میں 8ہزار436 افراد زخمی ہوئے، جن میں قانون نافذ کرنے والے اداروںکے2ہزار569اہلکار اور 5ہزار 867 عام شہری شامل ہیں۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری دستاویز کے مطابق دہشت گردی کے سب سے زیادہ واقعات بلوچستان میں رونما ہوئے‘ جہاں دہشت گردانہ کارروائیوں کی تعداد 1435 ہے، کے پی کے دوسرے نمبر پر رہا، جہاں دہشت گردی کے ایک ہزار48واقعات رونما ہوئے‘ سندھ میں دہشت گردی کے371 اور پنجاب میں 180 واقعات رپورٹ ہوئے، اس کے علاوہ فاٹامیں 892، اسلام آباد میں 16، آزاد کشمیر میں 23 اور گلگت بلتستان میں 25 واقعات ہوئے۔