بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے کا معاملہ‘متحدہ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

103

اسلام آباد(آن لائن)سندھ کے بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے سے متعلق ایم کیو ایم پاکستان کی درخواست پر سماعت،عدالت عظمیٰ نے بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے سے متعلق ایم کیو ایم کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے فریقین سے ایک ہفتے میں تحریری معروضات طلب کر لی ہیں ۔معاملے کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔دوران سماعت چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ سندھ اور لوکل گورنمنٹ کے درمیان تنازعہ کے بیچ میں عدالت نہیں آئے گی، قانون بنانے والوں کے اختیار میں مداخلت نہیں کریں گے، صوبائی قوانین کو آئین کے تناظر میں پرکھنا ہائیکورٹس کا کام ہے،ہم تمام صوبوں کو سنے بغیر ایسا فیصلہ کیسے دے دیں جس کا اطلاق پورے ملک میں ہونا ہے،صوبے اور لوکل گورنمنٹ کے درمیان کارکردگی کی بنیاد بارگیننگ ہوسکتی ہے،سپریم کورٹ کا یہ کام نہیں کہ وہ دیکھے کس سیاسی جماعت کو کتنے ووٹ ملے،سپریم کورٹ کا کام سیاسی جماعتوں کے ووٹ گننا نہیں ہے،آئین کے آرٹیکل 140کے تحت لوکل گورنمنٹ مالی، انتظامی اور سیاسی کام کر سکتی ہے۔