قومی کرکٹ کے ماتھے کا جھومر قائداعظم ٹرافی کا آغاز آج ہوگا

644

کراچی(رپورٹ: سید وزیر علی قادری) ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے گئے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے کامیاب انعقاد کے بعد اب نظریں کراچی کے ان 4 میدانوں پر جمی ہوئی ہیں جہاں آج سے قومی کرکٹ کے ماتھے کا جھومر قائداعظم ٹرافی کا آغاز ہورہا ہے۔ایونٹ کے ابتدائی3 راؤنڈز3 مختلف گراؤنڈز میں کھیلے جائیں گے جن میں نیشنل ا سٹیڈیم کراچی، نیشنل بینک اسٹیڈیم اور یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس شامل ہیں۔ 11 روز بریک کے بعد ایونٹ کے چوتھے راؤنڈ سے ا سٹیٹ بینک ا سٹیڈیم کراچی بھی وینیوز کی اس فہرست میں شامل ہوجائے گا۔قائداعظم ٹرافی میں ایک کروڑ 70 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی جائیگی۔ اس میں سے ایک کروڑ روپے ٹورنامنٹ کی فاتح اور 50 لاکھ روپے رنرزاپ ٹیم کو ملیں گے۔ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی، بہترین بیٹسمین، بہترین بولر اور بہترین وکٹ کیپر کو5 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا جبکہ فائنل کے بہترین کھلاڑی کو 50 ہزار روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔ ایونٹ کی دفاعی چیمپئن سینٹرل پنجاب کی ٹیم آج سے شروع ہونیوالے ٹورنامنٹ میں اپنے سفر کا آغاز سندھ کے خلاف کرے گی۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جانے والا یہ میچ پی ٹی وی پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔آج 3 میچ کھیلے جائیں گے جس میں سینٹرل پنجاب کا مقابلہ سندھ کی ٹیم سے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا جس کی کپتانی سرفراز احمد کرینگے۔بابراعظم کی آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ سپر لیگ میں شامل زمبابوے کے خلاف میچوں میں مصروفیت کے باعث سینٹرل پنجاب کی قیادت اظہر علی کے سپرد کی گئی ہے۔ اظہر علی نے کہا ہے کہ دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے وہ ایونٹ جیتنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹرل پنجاب کی ٹیم گزشتہ سال کی طرح جارحانہ حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترے گی، انہیں امید ہے کہ ایونٹ میں معیاری کرکٹ اور شاندار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔سرفراز احمد نے کہا کہ سندھ کی ٹیم گزشتہ سال کوئی بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکی تھی تاہم موجودہ اسکواڈ میں شامل ہر کھلاڑی بھرپور محنت کررہا ہے اورخواہش ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ میچز جیت سکیں۔