پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کے لیے کمرشل پارٹنرز کا اعلان کر دیا

228

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 20-2019 کے کامیاب انعقاد کے بعد پی سی بی ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کے لیے کمرشل پارٹنر ز کواپنی طرف متوجہ کرنے میں کامیاب ہوگیا ۔ کانٹیننٹل بسکٹس ، ٹپال ٹی اور اور یونی لیورنے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے بعد اب قائداعظم ٹرافی کو بھی اسپانسر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹپال ٹی نے توپاکستان کپ کو اسپانسر کرنے بھی تصدیق کردی ہے تاہم پاکستان کپ کے حوالے سے دیگر دونوں شراکت داروں سے ابھی مذاکرات جاری ہیں۔قائداعظم ٹرافی اور پاکستان کپ کے ٹائٹل اسپانسرز کے لیے پی سی بی کا شعبہ مارکیٹنگ ممکنہ پارٹنرز کے ساتھ رابطے میں ہے تاہم قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے بعد اب قائداعظم ٹرافی میں بھی ان 3 کمپنیز کی شراکت داری سے پی سی بی کے ا سپانسرشپ ریونیو میں گذشتہ سال کی نسبت 55 فیصد اضافہ ہوا ہے۔کووڈ۔19 کی صورتحال کے باوجود ان شراکت داروں کا ڈومیسٹک سیزن کو ا سپانسر کرنا ایک خوش آئندعمل ہے ، جس سے واضح ہوتا ہے کہ پی سی بی کا شعبہ مارکیٹنگ کس قدر متحرک ہے۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ وہ کانٹیننٹل بسکٹس، ٹپال ٹی اور یونی لیور کو خوش آمدید کہتے ہیں،کسی بھی کھیل میں کمرشل پارٹنرز کی بہت اہمیت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ دنیا ایک مشکل وقت سے گزر رہی ہے تاہم اس کے باوجودان کمرشل پارٹنرز کا پی سی بی پر اعتماد کرنا قابل ستائش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال کی نسبت اسپانسرشپ ریونیو میں 55 فیصد اضافے پر خوشی ہوئی اور انہیں اندازہ ہے کہ پی سی بی کے شعبہ کمرشل کے چند ممکنہ کمرشل پارٹنرز سے جاری معاملات آخری مراحل میں ہیں، جنہیں جلد حتمی شکل د یدی جائے گی۔ ڈائریکٹر کمرشل بابرحامد کا کہناہے کہ کورڈ۔19 کی وباکے باوجود گذشتہ سال کی نسبت ہمارے اسپانسرشپ ریونیو میں 55 فیصد اضافہ ہونے پر انہیں بہت خوشی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ تمام فینز کو یقین دلاتے ہیں کہ وہ کئی دیگرکمرشل پارٹنرز سے رابطے میں ہیں اور جلدوہ بھی پی سی بی کے ساتھ اپنے سفر کا آغاز کردیں گے۔