قائد اعظم ٹرافی کی براہ راست نشریات کیلیے پی ٹی وی سے معاہدہ

516

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اپنے وعدے کے مطابق مداحوں کو پاکستان کے پریمیئر کرکٹ ٹورنامنٹ، قائداعظم ٹرافی کی براہ راست کوریج فراہم کرے گا۔ایونٹ کے فائنل سمیت قائداعظم ٹرافی میں شیڈول 11 میچز براہ راست پی ٹی وی پر نشر ہوں گے۔ ان 11 میچوں کی ایچ ڈی معیار کی کوریج پی سی بی کے یوٹیوب چینل سے اسٹریم کی جائے گی جبکہ یہی میچز ایس ڈی کوائلٹی میں پی ٹی وی اسپورٹس پر بھی نشر ہوں گے۔ پاکستان اور زمبابوے سیریز کے دوران قائداعظم ٹرافی کے میچز ممکنہ طور پر پی ٹی وی نیشنل پر نشر کیے جائیں گے تاہم اس حوالے سے پی سی بی اور پی ٹی وی انتظامیہ مکمل رابطے میں ہیں۔ایونٹ کی کوریج کے دوران 14 ایچ ڈی کیمروں کا استعمال کیا جائے گا۔کوریج کے دوران پری اور پوسٹ پلے شوز کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ایونٹ کے پہلے راؤنڈ میں معروف کمنٹیٹر بازید خان، طارق سعید، سکندربخت، شاہ فیصل اور یاسر حمید میچز پر تبصرہ کرنے کے لیے کمنٹری باکس میں موجود ہوں گے۔