عالمی بینک نے 30 کروڑ 40 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دیدی

185

اسلام آباد (آن لائن) عالمی بینک نے پاکستان کے لیے30 کروڑ40 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔ عالمی بینک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اس
قرض سے چلنے والا پروگرام پبلک سیکٹر کے مالی امور میں بہتری لائے گا جب کہ پروگرام کے تحت وفاق اور پنجاب میں پبلک فنانس مینجمنٹ سسٹم کو مضبوط کیا جائے گا۔ اعلامیے کے مطابق اس پروگرام سے پاکستان کو محصولات اکٹھے کرنے میں آسانی ہو گی جب کہ پروگرام رئیل اسٹیٹ کے کاروبار کو رجسٹرڈ کرنے میں مددگار ہو گا۔اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پروگرام سے کاروباری افراد کے لیے رجسٹرڈ ہونے کا عمل آسان ہو گا جب کہ ادائیگیوں، ریفنڈز کی وصولی اور ٹیکس حکام کے خلاف اپیل کا سسٹم بہتر ہوگا۔ دریں اثنا وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ عالمی بینک پاکستان کا دیرینہ ترقیاتی شراکت دارہے‘ کورونا وائرس کی وبا کے اثرات کو کم کرنے کے لیے پاکستان کے اقدامات کو عالمی سطح پرسراہا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بات عالمی بینک کے منیجنگ ڈائریکٹرایگزل وان ٹروٹسن برگ اور عالمی بینک کے نائب صدرہرت ونگ شیفر سے ورچوئل اجلاس کے دوران کہی۔