لاڑکانہ ،مبینہ پولیس مقابلے میں سرغنہ سمیت 7 ڈاکو ہلاک

312

لاڑکانہ(نمائندہ خصوصی ) لاڑکانہ اور خیرپور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں سرغنہ سمیت 7ڈاکوہلاک ہوگئے۔بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد ،پولیس کے مطابق سندھ حکومت نے پٹھان ناریجواور اقبال ناریجوکے سر کی قیمت 10،10لاکھ روپے مقررکی گئی تھی۔مبینہ مقابلے میں ڈاکوئوںکی ہلاکت پر آئی جی سندھ کی جانب سے لاڑکانہ پولیس کیلیے 50لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق قتل، ڈکیتی، چوری سمیت دیگر جرائم میں اضافے کے بعد پولیس کا لاڑکانہ اور نواحی علاقوںمیں 2روز سے آپریشن جاری تھا۔ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود بنگش کی سربراہی میں خیرپور کے ایس ایس پی سعود مگسی کی معاونت کے ساتھ جمعرات کی صبح کیٹی ممتاز تھانہ کی حدود خیرپور کچے سے ملحقہ علاقے میں پولیس آپریشن کیا گیا جہاں مبینہ پولیس مقابلے میں 2 بدنام ڈاکوئوںکو 5 ساتھیوں سمیت ہلاک کردیا گیا۔ ہلاک ڈاکوؤں میں سے 2کی شناخت پٹھان ناریجو اور اقبال ناریجو کے نام سے ہوئی جن پر سندھ حکومت کی جانب سے 10،10لاکھ انعام مقرر تھا، ایس ایس پی کے مطابق ڈاکوؤں کے قبضے سے 2 اینٹی ائر کرافٹ گنز، ایک راکٹ لاؤنچر اور 4 جی تھری بھی برآمد کی گئی ہیں، پولیس نے ڈاکووں کی محفوظ پناہ گاہوں کومسمار کردیا۔7گھنٹے تک جاری رہنے والے آپریشن کے بعد لاشوں کو نودیرق اسپتال لایا گیا اور ضابطے کی کارروائی کے بعدلاشوںکو ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔ اس حوالے سے ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود بنگش کا کہنا ہے 7 ڈاکوؤں کی نعشیں ضابطے کی کارروائی کیلیے خیرپور اسپتال منتقل کی گئیں ہیں جبکہ ڈاکوؤں کے 2ساتھی زخمی حالت میں فرار ہوگئے جن کی تلا ش جاری ہے ۔گروہ اغوا برائے تاوان اور قتل سمیت 100سے زاید سنگین جرائم کی وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔ دوسری جانب آئی جی سندھ نے لاڑکانہ پولیس کی کامیاب کارروائی پر شاباشی دیتے ہوئے 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کیا ہے۔