زمبابوے کے خلاف کرکٹ سیریز ،قومی ٹیم کی پریکٹس کا آغاز

484

راولپنڈی/لاہو(نمائندہ خصوصی) پاکستان اور زمبابوے کرکٹ ٹیموں کے درمیان 30اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلا ون ڈے کھیلا جائے گا۔ اس سلسلے میں زمبابوے کے خلاف سیریز کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کے کوویڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹس منفی آنے کے بعد کھلاڑیوں نے قذافی اسٹیڈیم میں بھرپور ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا،ہیڈ کوچ مصباح الحق کی کھلاڑیوں سے میٹنگ بھی ہوئی اورگرائونڈ میں الگ سے لیکچر بھی دیے ۔ اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کے بعد اب وہ بائیو سیکیور ببل کا حصہ بن گئے ہیں۔دریں اثنا 3ون ڈے اور 3ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے راولپنڈی اور لاہور میں سیکورٹی کے حوالے سے انتظامیہ کی میٹنگز جاری رہیں جس میں ٹریفک پلان کو حتمی شکل دی گئی جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں اس سلسلے میں سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے سڑکوں پر گشت بھی جاری رہا۔ یونس خان کی عدم موجودگی میں مصباح الحق بیٹسمینوں کی خامیاں دور کرنے میں مصروف ہیں، اسی طرح وقاریونس فاسٹ بولرز کے ساتھ کام کررہے ہیں جبکہ عبدالمجید فیلڈنگ پریکٹس کروا رہے ہیں،تربیتی کیمپ میں آج انٹرااسکواڈ میچ کھیلا جائے گا، تمام کھلاڑی ٹریننگ کرتے رہے ،اس موقع پر کرونا وائرس کے حوالے سے احتیا طی تدابیر کو بھی ملحوظ خاطر رکھا گیا۔