قائداعظم ٹرافی ہیڈکوچز نے ٹیموں کو حتمی شکل دے دی

191

کراچی(اسٹاف رپورٹر)قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے لیے 6ٹیموں کے ہیڈ کوچز نے اپنے اپنے اسکواڈز کو حتمی شکل دے دی۔ اوپنر احمد شہزاد اور فاسٹ بولر حسن علی پاکستان کے سب سے پریمیئر کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گے۔ دونوں کھلاڑی ایونٹ کے لیے اعلان کردہ سینٹرل پنجاب کے اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ 25 اکتوبر سے شروع ہونے والے ابتدائی راؤنڈ میں دفاعی چیمپئن سینٹرل پنجاب کی ٹیم سندھ کے مدمقابل آئے گی۔کپتان بابراعظم کی10 نومبر تک زمبابوے کے خلاف سیریز میں مصروفیت کے باعث سینٹرل پنجاب کے ہیڈ کوچ شاہد انور نے دفاعی چیمپئن کی قیادت اظہر علی کے سپرد کی ہے۔ دوسری طرف سندھ کی قیادت سرفراز احمد کریں گے جبکہ ہیڈ کوچ باسط علی نے اسد شفیق کو سرفراز کا نائب مقرر کیا ہے۔سندھ کے ا سکواڈ میں اہم تبدیلی غلام مدثر کی صورت میں کی گئی ہے۔بلوچستان نے 17 سالہ نوجوان عبدالواحد بنگلزئی کو فرسٹ الیون اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔ نوجوان کرکٹرکا یہ پہلا فرسٹ کلاس سیزن ہوگا۔لیگ اسپنر یاسر شاہ کو بلوچستان کا کپتان جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمین بسم اللہ خان کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔عمران خان سینئر، جنید خان، صاحبزادہ فرحان اور عثمان شنواری جیسے معروف کھلاڑیوں پر مشتمل خیبرپختونخوا کے اسکواڈ کی قیادت اشفاق احمد کریں گے۔ عادل امین کو ا سکواڈ کا نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔گزشتہ سیزن میں ٹاپ وکٹ ٹیکر نعمان علی ناردرن کی قیادت سنبھالیں گے۔ہیڈ کوچ محمد وسیم نے 23 سالہ نوجوان بیٹسمین ذیشان ملک کو ان کا نائب مقرر کیا ہے۔سدرن پنجاب کی کپتانی شان مسعود کریں گے۔ حسین طلعت کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ سیکنڈ الیون کا پہلا راؤنڈ کھیلنے والے سلمان علی آغا کو فرسٹ الیون اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔تمام 6 اسکواڈز میں شامل کھلاڑیوں اور آفیشلز کی کوویڈ19 ٹیسٹنگ آج جاری رہے گی۔انہیں اپنے دونوں ٹیسٹ کے نتائج منفی آنے کی صورت میں ہی محفوظ مقام میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔تمام اسکواڈز کل اور ہفتہ کو3 مختلف وینیوز نیشنل اسٹیڈیم کراچی، یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس اور نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم) میں پریکٹس کریں گی۔