افغانستان : حملوں میں25سیکورٹی اہلکار ہلاک ‘جلال آبادمیں پاکستانی قونصل خانے کے باہر بھگدڑ‘15جاں بحق

142

کابل/اسلام آباد(آن لائن+صباح نیوز + اے پی پی)افغانستان میں حملوں کے دوران 25سیکورٹی اہلکار ہلاک جب کہ پاکستانی قونصل خانے کے باہر بھگدڑ کے نتیجے میں 15افراد جاں بحق ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صوبہ تخار میں طالبان کے ایک گروپ نے اچانک پولیس چوکی پر دھاوا بول دیا ۔حملے میں سینئر افسر سمیت 25 اہلکا ر مارے گئے جب کہ متعدد اہلکارزخمی بھی ہوئے ،مقامی حکام نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔دوسری جانب پاکستانی قونصل خانے کے باہر بھگدڑ مچنے کا واقعہ جلال آباد میں پیش آیا، جاں بحق ہونے والوں میں 11 خواتین جبکہ زخمی ہونے والے افراد میں بزرگ بھی شامل ہیں۔ گورنر کے ترجمان عطا اللہ خوگیانی نے بتایا کہ جلال آبادشہر میں بدھ کی صبح پاکستانی قونصلیٹ کے قریب واقع فٹ بال اسٹیڈیم میں اس وقت بھگدڑ مچ گئی جب وہاں ہزاروں افراد پاکستانی قونصلیٹ سے اپنا ویزا حاصل کرنے کی غرض سے جمع تھے ، صوبائی حکومت نے بتایا کہ پاکستانی قونصلیٹ نے کورونا وائرس کی وبا کے باعث ویزوں کا اجرا روک دیا تھا جو ایک ہفتہ قبل دوبارہ شروع کیا گیا ہے اور مشرقی صوبوں سے ہزاروں افغان شہریوں نے اپنے عزیز و اقارب سے ملنے یا علاج معالجے کے لیے پاکستان آنے کی غرض سے ویزا درخواستیں دے رکھی تھیں۔افغان میڈیا کے مطابق قونصل خانے کے باہر 3 ہزار سے زائد افراد موجود تھے۔ادھر پاکستان نے جلال آباد میں ہونے والے ایک المناک واقعہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ بڑی تعداد میں ویزا درخواستوں کے پیش نظر حکومت پاکستان نے حال ہی میں افغان بھائیوں اور بہنوں کی سہولت کے لیے ایک نئی ویزا پالیسی کا اعلان کیا تھا جس کے تحت کابل میں پاکستانی سفارت خانہ اور جلال آباد ، قندھار ، ہرات اور مزارشریف میں موجود ذیلی مشنز اب خاندانی افراد سے ملنے ، کاروبار ، طبی علاج ، تعلیم اور دیگر مقاصد کے لیے پاکستان جانے کے خواہشمند افغان درخواست دہندگان کو ملٹی پل انٹری ویزا جاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانہ اور ذیلی مشنز افغانستان میں ویزا کی اس نئی پالیسی کو نافذ کرنے اور ویزا درخواست دہندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔