حکومت کے غرور و تکبر کیخلاف عوامی احتجاج کی ہوائیں چل پڑیں ، لیاقت بلوچ

332

 

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی اور سیاسی انتخابی امور کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے لاہور میں سیاسی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کی ناکامی ، نااہلی اور غروروتکبر کے خلاف عوامی احتجاج اور مظاہروں کی ہوائیں چل پڑی ہیں ۔عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں ، بے روزگاری سماجی نظام کو تباہ و برباد کر رہی ہے ۔اسلام آباد ، لاہور ، کراچی ، کوئٹہ ، پشاور عوامی احتجاج کے مراکز بن گئے ہیں ۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنی رٹ کھو چکی ہیں ۔ اسلام آباد میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کا 10 نکاتی احتجاجی مظاہرہ حکومتوں کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکا ہے، خواتین کی کوئی شنوائی نہیں ۔ عمران خان حکومتی ناکامیوں کے خلاف عوامی ردعمل کے مقابلے میں اپنی اصلاح کرنے کے بجائے ہوشمندی کو چھوڑ کر حالات کو پوائنٹ آف نو ریٹرن کی طرف لے گئے ہیں ۔ ریاستی ادارے اور اسٹیبلشمنٹ اپنے آپ کو غیر جانبدار اور آئینی حدود میں
رہنے کا کردار اختیار کریں تو حالات سدھر جائیں گے ۔حکومت اپنی اصلاح کرے گی یا سب نئے انتخابات پر اتفاق کر لیں گے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کے لیے جماعت اسلامی کے امیدواران بھر پور عوامی رابطے کا آغاز کردیں ۔ گھر گھر جا کر عوام کو حوصلہ دیں ۔ رائے عامہ کو حق کے پلڑے میں وزن ڈالنے کے لیے تیار کریں ۔ جماعت اسلامی کی مہنگائی ،بے روزگاری، سود کے خلاف تحریک شروع ہوگئی ہے ۔ پہلے مرحلے پر ضلعی ، تحصیل ہیڈ کوارٹرز پر جلسے ، کنونشن منعقد ہوں گے ۔ جماعت اسلامی کی تنظیمیں اور قائدین عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور آواز اٹھائیں ۔ ملک میں سیاسی قومی بحران کے خاتمے کے لیے شفاف غیر جانبدارانہ انتخابات ناگزیر ہیں ۔ اسٹیبلشمنٹ سیاسی انتخابی دائروں میں مداخلت ختم کرے ۔ جماعت اسلامی کی تحریک ذاتی، گروہی، پارٹی مفادات کے لیے نہیں، عوامی اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہے ۔ سیاسی کونسل کے اجلاس سے خالد احمد بٹ ، احمد سلمان بلوچ ، احسان چودھری ، محسن بشیر نے بھی خطاب کیا۔