چینی سفارتکاروں کی اشتعال انگیزی پر تائیوان کا سخت ردعمل

162
تائیوان: قومی دن کی تقریب میں جشن منایا جارہا ہے‘ نائب وزیر خارجہ ہیری سینگ چینی مداخلت پر ردعمل دے رہے ہیں

تائی پے (انٹرنیشنل ڈیسک) تائیوان کی حکومت نے فیجی میں چینی سفارت کاروں کی اشتعال انگیزی پر سخت ردعمل کا اظہار کردیا۔ تائی پے حکام نے کہا کہ قوم چین کے غنڈوں سے مرعوب نہیں ہوگی اور قومی دن کا جشن دنیا بھر میں منایا جائے گا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق واقعہ تائیوان کے قومی دن کے موقع پر پیش آیا، جب فیجی میں جاری تقریب میں چین کے 2سفارت کاروں نے ہاتھا پائی کرکے تائیوان کے ایک عہدے دار کو زخمی کردیا تھا۔ تائیوانی وزارت خارجہ کے مطابق تقریب کے دوران چین کے 2سفارتکار بن بلائے گھس آئے اور مہمانوں کی تصاویر لینا شروع کردیں۔ منع کرنے پر وہ طیش میں آگئے اور وہاں موجود افراد پر حملہ کردیا۔ دوسری جانب فیجی میں قائم چینی سفارت خانے نے اپنے بیان میں تائیوان کے الزام کی تردید کردی۔ بیان میں بتایا گیا کہ دونوں سفارت کار تقریب کے مقام کے باہر اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے اور اس دوران تائیوان کے عہدے داروں نے ان کے خلاف اشتعال انگیز حرکتیں کیں۔ واضح رہے کہ چین اور تائیوان کے درمیان کشیدگی پہلے سے جاری ہے اور چین تائیوان کو اپنا اٹوٹ انگ قرار دیتا ہے۔ تائیوان کا موقف ہے کہ وہ کبھی چین کی حکمراںجماعت کمیونسٹ پارٹی کے کنٹرول میں نہیں رہا، جب کہ چین نے دھمکی دے رکھی ہے کہ اگر ضروری ہوا تو وہ اس پر کنٹرول کے لیے فوجی کاررروائی بھی کرسکتا ہے۔ امریکا کی جانب سے بھی تائیوان کے حق میں بیانات دیے جاچکے ہیں،جب کہ بیجنگ نے انہیں مداخلت قرار دے کر شدید مذمت کی تھی۔