فلسطینیوں نے اماراتی وفد کو مسجد اقصیٰ سے نکال دیا

352
فلسطینیوں نے اماراتی وفد کو مسجد اقصیٰ سے نکال دیا

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطینیوں نے اسرائیلی پولیس کے گھیرے میں مسجد اقصیٰ آنے والے اسرائیلی وفد کو باہر نکال دیا۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر وڈیوز جاری کیں، جن میں فلسطینیوں کی لعن طعن کے بعد اسرائیلی پولیس کی حفاظت میں اماراتی وفد کو فلسطینی مسجد اقصیٰ سے باہر جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔ وڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ فلسطینیوں نے اماراتی وفد کو اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی پر لعن طعن کی اور انہیں مسجد اقصیٰ سے بھاگنے پر مجبور کر دیا۔ یاد رہے کہ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات کے قیام کا معاہدہ 15 ستمبر کو وائٹ ہاؤس میں طے پایا تھا، جس کے باعث فلسطینی مسلمان متحدہ عرب امارات سے سخت نالاں ہیں۔ دوسری جانبپیر کے روز متحدہ عرب امارات سے پہلی تجارتی پرواز اسرائیل پہنچی۔ اتحاد ائر ویز کی پرواز 9607 پیر کی صبح ابو ظبی سے تل ابیب پہنچی، جس میں سیاحت، کاروباری شعبے اور ذرائع ابلاغ سے منسلک اسرائیلی حکام سمیت 58 افراد سوار تھے۔ اس پرواز پر امارات کا 8 رکنی سیاحتی وفد بھی موجود تھا، جو تل ابیب کے بن گورین ائرپورٹ پر اترا، جہاں اس کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔ اتحاد ائر ویز کا کہنا ہے کہ وہ جلد دونوں ممالک کے درمیان عام شہریوں کے لیے بھی پروازوں کو آغاز کرے گی۔ دونوں ممالک کے درمیان ہفتے میں 28 پروازوں کا امکان ہے، جس کے لیے عبرانی زبان میں ایک ویب سائٹ بھی شروع کی جائے گی۔ اس سے قبل 23 ستمبر کو اسرائیل سے پہلی کمرشل پرواز متحدہ عرب امارات پہنچی تھی۔ امارات کی اسرائیل نوازی پر عالم اسلام میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے۔