گوجرانوالہ: مریم نواز اور بلاول کا دھواں دار خطاب

577

گوجرانوالہ میں اپوزیشن اتحاد کے حکومت مخالف پہلے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھاکہ عمران خان کی کرپشن کی داستانیں سامنے آئیں تو لوگ کانوں کو ہاتھ لگائیں گے جبکہ لاہور سے گوجرانوالہ تک ایک ہی نعرہ ہے گو نیازی گو، لوگ وعدہ کریں کہ آئندہ کسی کو بھی اپنے ووٹوں پر ڈاکا ڈالنے نہیں دیں گے۔

میڈیا کے مطابق گوجرانوالہ میں اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے حکومت مخالف جلسے کے موقع پر سیاسی اسٹیج پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، پشتونخوا عوامی ملی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی، (ن) لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی، پی پی رہنما قمر زمان کائرہ، اسفند یار ولی، سینیٹر ساجد میر، جاوید ہاشمی، مسلم لیگ ن کی مریم نواز اور دیگر رہنماء موجود تھے جبکہ لندن سے مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے جلسے میں شرکت کی اور خطاب کیا۔

مریم نواز کا کہناتھا کہ عمران خان کی کرپشن کی داستانیں جب عوام کے سامنے آئیں گی تو لوگ کانوں کو ہاتھ لگائیں گے، عمران خان یاد رکھو حالات بدلتے ہوئے دیر نہیں لگتی اور لوگ مجھ سے وعدہ کریں کے آٹا، چینی چوروں سے حساب لیں گے اور آئندہ کسی کو اپنے ووٹوں پر ڈاکا ڈالنے نہیں دیں گے۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدرکا کہنا تھا کہ کون کہتا تھا کہ میرے خلاف اگر5 لوگوں نے بھی نعرہ لگایا تو استعفی دے دوں گا، کیا آپ خود جائیں گے یا عوام اٹھا کر باہر پھینک دیں؟

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہناتھا کہ ملک میں تبدیلی یہ ہے کہ اس وقت معیشت بدترین دور سے گزر رہی ہےاور لوگوں کو روٹی تک میسر نہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عوام بتائیں کون سی تبدیلی آئی؟ تبدیلی یہ ہے آج پاکستان میں تاریخی غربت اور بے روزگاری آئی جبکہ غریب مزید غریب تر ہوتا جارہا ہے، بجلی، گیس اور آٹا کا بحران ہے اور میرا ایک ہی سوال ہے کیا عوام کو یہ تبدیلی پسند آئی؟

میڈیا کے مطابق چیئرمین پی پی کا کہناتھا کہ یہ کیسا نظام ہے کہ اگر آصف زرداری، مریم نواز اور دیگر رہنماؤں پر الزام لگے تو سچ لیکن اگرعمران خان یا علیمہ باجی پر الزام لگے تو جھوٹ نکلے جبکہ پی ٹی آئی کرپشن کے نام پر صرف سیاسی انتقام لے رہی ہے اور ان کے اپنے لوگ بھی کہہ رہے ہیں کہ پنجاب میں کرپشن بڑھ گئی ہے۔

گوجرانوالہ میں چیئرمین پی پی کا مزید کہنا تھا کہ ہم کرپشن ختم کرنے کے حامی ہیں جس کے لیے آپ کو ہر پاکستان کے لیے یکساں قانون بنانا ہوگا جبکہ اگر سابق وزرائے اعظم سے کرپشن کی تفتیش کرنی ہے تو سابق جرنیلوں اور ججوں کو بھی احتساب کے دائرے میں لانا ہوگا۔