شاہی شہزادوں میں اختلافات، تلخی میں اضافہ

466

لندن: برطانوی شاہی خاندان کے شہزادہ ہیری اور شہزادہ ولیم کے درمیان اختلافات نے زور پکڑ لیا ہے جبکہ دونوں بھائیوں میں تلخی کے نتیجے میں ڈیوک اور ڈچز نے بھائیوں کے ساتھ بالمورل سمر میں شریک ہونے سے منع کردیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق کافی عرصے سے برطانوی شاہی خاندان کے اندر جاری سردجنگ کے تناظر میں ایک نئی صورتحال اس وقت سامنے آئی جب پرنس ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل کے ایک میگزین کے سرورق کے معاملے نے شہزادہ ہیری اور شہزادہ ولیم کے درمیان اختلافات کو مزید بڑھا دیا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ڈچز آف سسیکس کا کہنا تھا کہ وہ فیشن کے حوالے سے انتہائی مستند میگزین کے ستمبر کے شمارے کے لیے بطور ایک مہمان ایڈیٹر  شامل ہوئیں اور اس مقصد کے لیے میگزین نے ان سے رابطہ کیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق میگزین کے حوالے سے رابرٹ لیسی نامی مصنف نے اپنی کتاب بیٹل آف برادرز میں دعویٰ کیا ہے کہ میگھن مارکل کے ووگ میگزین کے معاملے پر شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری میں تلخ ٹکراؤ ہوا ہے جبکہ میگھن نے ووگ میگزین کے اس شمارے میں جو کچھ شامل کیا اسے شاہی خاندان نے ناپسند کیا ہے اور اسکی وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ شاہی خاندان سیاسی طور پر بالکل غیر جانبدار رہنا چاہتا ہے۔

دوسری جانب تفصیلات کے مطابق دونوں بھائیوں میں تلخی کے نتیجے میں ڈیوک اور ڈچز نے مبینہ طور پر یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ وہ شاہی خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ بالمورل سمر میں شریک نہیں ہونگے۔

واضح رہے رابرٹ لیسی نے دعویٰ کیا کہ پرنس ولیم نے اپنے بھائی ہیری سے رابطہ کرکے اپنی بھاوج کے میگزین شمارے کے حوالے سے کیے گئے اقدام پر اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے لیکن اسکا نتیجہ الٹا نکلا اور دونوں بھائیوں میں تلخ کلامی ہوگئی۔