پاکستان کا مستقبل جدید اسلامی فلاحی ریاست ہے‘ نور الحق قادری

410

اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل جدید اسلامی فلاحی ریاست ہے، جدید پاکستان کا مطلب مذہبی جنونیت ہے نہ مادر پدر آزادی، پاکستان قیامت تک قائم رہنے والا ملک ہے‘ خطے میں مسلسل تبدیلی کا رجحان ہے‘ ہمیں اپنی درست سمت متعین کرنا ہوگی‘ مہنگائی کا بھی ان شا اللہ کوئی نہ کوئی حل نکل آئے گا ۔ وہ جمعہ کو ڈاکٹر محمد اکرم شیخ کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کر رہے تھے۔ نور الحق قادری نے کہا کہ کچھ لوگوں کا یہ خیال ہے کہ قائداعظم پاکستان کو سیکولر بنیاد پر قائم کرنا چاہتے تھے، اگر وہ پاکستان کو سیکولر ملک بنانا چاہتے تو کانگریس چھوڑ کر مسلم لیگ میں نہ آتے۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کی اسلام اور پاکستان کے حوالے سے سوچ واضح ہے،قائداعظم کا خیال یہ تھا کہ مسلمانوں کو مذہب پر عمل کرنے کی اجازت نہیں ملے گی،آج کے مودی کے بھارت نے یہ ثابت کیا ہے کہ قائداعظم کی سیاسی و فکری سوچ درست تھی، قائداعظم روایتی مذہبی شخصیت نہیں بلکہ دین پر عمل کرنے والے تھے۔