پنجاب کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلیے خصوصی کمیٹیاں تشکیل

223

لاہور (اے پی پی) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبائی محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے صوبائی وزرا کی سربراہی میں خصوصی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ خصوصی کمیٹیاں پالیسی، بجٹ، اہداف، اقدامات اور کارکردگی سے متعلق امور کا جائزہ لیں گی۔ کمیٹیاں متعلقہ محکموں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور بہترین سروس ڈلیوری کے حوالے سے معاملات کا جائزہ لیں گی، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ نے کمیٹیوں کی تشکیل سے متعلق
نوٹیفکیشن جاری کردیے ہیں۔ سینئر صوبائی وزیر کی سربراہی میں کمیٹی5 محکموں کی کارکردگی کاجائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے گی۔ کمیٹی میں سیکرٹری فنانس، سیکرٹری پی اینڈ ڈی، متعلقہ ایڈیشنل / ڈپٹی سیکرٹری سی ایم آفس، اسپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور دیگر رکن شامل ہوں گے۔ خصوصی کمیٹی محکمہ ٹرانسپورٹ، محکمہ اسکولز ایجوکیشن، محکمہ ہائر ایجوکیشن، محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ اور محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کا جائزہ لے گی۔