ن لیگ میں قیادت کی تبدیلی کی سوچ جنم لے رہی ہے ، فواد چودھری

125

 

لاہور (نمائندہ جسارت/ آن لائن) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی اے پی سی میں تقریر کو (ن) لیگ کے لوگوں نے بھی پسند نہیں کیا‘ انہیں نواز شریف کی تقریر پر سب سے زیادہ دکھ ہے کیونکہ وہ محب وطن ہیں اور ریاستی اداروں کے خلاف بات کو برداشت نہیں کر سکتے‘ ان میں اب قیادت کی تبدیلی سے متعلق سوچ جنم لے رہی ہے‘حکومت کے عدلیہ اور عسکری اداروں سمیت ہر ایک سے اچھے تعلقات ہیں‘ ہمیں کسی اور نے نہیں بلکہ عوام نے منتخب کیا ہے‘ اپوزیشن کو ڈیل کی چاہت تھی نہ ملنے پر پھٹ پڑی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی سی ایس آئی آر لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان حقیقی جمہوری لیڈر ہیں جو کسی بھی مارشل لا کا
حصہ نہیں رہے‘ فوج کا سیاست میں کوئی عمل دخل نہیں‘ شہباز شریف کو گلگت بلتستان میں کوئی نہیں جانتا نہ ہی وہ کبھی وہاں گئے ہیں‘ نوازشریف کو ڈیل کی چاہت تھی‘ جب نہ ہوئی تو سب پھٹ پڑے‘ نوازشریف کی اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس میں کی جانے والی تقریر پر پاکستان مسلم لیگ نواز کے کارکنوں کو مقدمہ کرانا چاہیے‘ کارکن محب وطن ہیں‘پیپلزپارٹی اور پی ایم ایل این کا جنم مارشل لاکی گود سے ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج، عدالتیں اور پی ٹی آئی اگر ن لیگ کے خلاف ہیں تو ان کو سوچنا چاہیے ‘ن لیگ کا جھگڑا یہی ہے کہ ان کے پیسوں کو بچانے کے لیے کوشش نہیں کر رہے ہیں‘ نواز شریف جمہوریت کی خدمت نہیں کر رہے ہیں۔ قطری نیوز چینل الجریزہ انگلش کو انٹرویو دیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان کی فوج وہی کردار ادا کر رہی ہے جو کہ حکومت اور کیبنٹ چاہتی ہے‘ حکومت اس بات کا فیصلہ کرتی ہے کس ملکی ادارے کا پاکستان کی ترقی میں کتنا کردار ہوگا۔