گلگت بلتستان اور کشمیر کو بااختیار نظام دیا جائے، راجا ظفر الحق

271

اسلام آباد (آن لائن) چیئرمین ن لیگ سینیٹر راجا ظفرالحق نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان اور آزادکشمیر ریاست کے آزاد خطے ہیں ان کو با وقار با اختیار نظام حکومت اور وسائل فراہم کرنا حکومت پاکستان کی ذمے داری ہے، حکومت کوئی ایسی بے تدبیری نہ کرے جس سے اس اصولی مؤقف میں دراڑیں پیدا ہوں اور عالمی سطح و سفارتی سطح پر مشکلات میں اضافہ ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنوینئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل و چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے گزشتہ روز ان سے ملاقات کی، عبدالرشید ترابی نے راجا ظفرالحق سے مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال اور گلگت بلتستان کے حوالے سے اہم امور پر مشاورت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے سوا کروڑ عوام گزشتہ 14 ماہ سے یرغمال ہیں قربانیوں کی لازوال تاریخ رقم کر رہے ہیں پاکستان سے بے پناہ محبت کا اظہار کررہے ہیں ان کی پاکستان سے توقعات وابستہ ہیں یہاں کی حکومت اور سیاسی قیادت متحد اور منظم ہو کر کشمیریوں کی پشتیبانی کرے، حکومت پاکستان کی پالیسیوں اور حکمت عملی میں کمزوری پیدا نہ ہو تا کہ وہاں حوصلے کا پیغام برقرار رہے۔ راجا ظفرالحق نے مزید کہا کہ 5 اگست کے بعد نریندرمودی کے پے در پے اقدامات تشویشناک ہیں عالمی سطح پر ذرائع ابلاغ اور دیگر پلیٹ فارمز پر بھارت کے ان اقدامات کی مذمت کی گئی دنیا نے کشمیر کے بارے میں دلچسپی کا اظہار کیا اور کر رہی ہے اس تاریخی موقع سے حکومت پاکستان استفادہ کرے، حکومت پاکستان اپنے اصولی مؤقف اور اقوام متحدہ کے ذریعے حق خودارادیت پر قائم رہے۔ ہم کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہیں کشمیر ی تکمیل پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں حکومت اور اداروں کو ادراک ہونا چاہیے اور اپنی ذمے داریاں ادا کرنی چاہییں۔