چینی فضائیہ کی پروپیگنڈا ویڈیو میں جعل سازی

281

بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چینی فضائیہ نے اپنی ایک پروپیگنڈا وڈیو میں ہالی ووڈ کی بہت ہی کامیاب فلموں کے وڈیو کلپس کا استعمال کرکے سوشل میڈیا پر اپنا مذاق بنوالیا۔ رپورٹ کے مطابق اس وڈیو میں جوہری اسلحہ سے لیس ایچ 6 بمباروں کو پیسفک جزیرے گوام کے امریکی فوجی ٹھکانوں پر فرضی حملہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ چینی مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم سینو ویبو پر اسے اب تک تقریباً 50 لاکھ افراد نے دیکھا ہے، لیکن کئی صارفین نے اس وڈیو کا مذاق اڑایا ہے۔ ایک صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ چین کے لیے کاپی رائٹ کوئی مسئلہ نہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ ان برے ممالک کے کلپ استعمال نہ کریں۔ لوگ اسے ٹوئٹر پر دیکھ رہے ہیں اور ہمیں بیوقوف سمجھ رہے ہیں۔ 2 منٹ کی اس وڈیو کو ’’گاڈ آف وار۔ اٹیک‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس وڈیو میں ڈرامائی قسم کی موسیقی بھی استعمال کی گئی ہے۔ اس وڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ امریکا کے اینڈرسن ائر فورس اڈے پر حملہ کیا گیا ہے۔ اس وڈیو میں لکھا گیا ہے کہ فضائی سلامتی کے ذریعے یہ اپنے مادر وطن کی حفاظت کے لیے ہے۔ پورے اعتماد اور قابلیت کے ساتھ ہم اپنی مادر وطن کی حفاظت آسمان سے کرتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر مذاق بننے کے بعد چینی فوج نے لوگوں کے دعووں پر اب تک کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ چینی فوج کے ایک قریبی ذرائع نے ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کو بتایا کہ فوج کے پروپیگنڈے کے محکمے کے لیے ہالی ووڈ کی فلموں کے وڈیوکلپس کا استعمال عام ہے۔ ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے فوج کے ذرائع نے بتایا کہ فوج کے پروپیگنڈا ڈپارٹمنٹ کے تقریباً تمام افسران ہالی ووڈ کی فلمیں دیکھتے ہیں اور وہ ان کے دماغوں میں بسی ہوئی ہیں۔