وزیراعظم نے نواز شریف کی تقریر کو میڈیا پر نشر کرنے کی اجازت دی

150

اسلام آباد(آن لائن )وزیر اعظم عمران خان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اپوزیشن کی اے پی سی سے تقریر کو نیوز چینلز پر نشر کرنے کی اجازت دی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے معاونین اور مشیروں کی جانب سے نواز شریف کی تقریر کو روکنے کے حوالے سے پیمرا کو خط لکھنے کی تجویز کو مسترد کر دیا۔ ذرائع کے مطابق مشیروں اور معاونین خصوصی نے وزیراعظم کو بتایا کہ ایسے فیصلے موجود ہیں جس میں مجرم کو بیانات دینے سے روکا گیا، وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پیمرا کو ایسے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کا کہنا چاہیے لیکن وزیراعظم نے مشیروں اور معاونین خصوصی کی اس تجویز سے اتفاق نہیں کیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف جھوٹ بولیں گے، ان کو جھوٹ بولنے دیں، اس لیے عوام کو خود فیصلہ کرنے دیا جائے اور نواز شریف کی تقریر نیوز چینلز کو نشر کرنے دی جائے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اپنی تقریر سے عوام میں خود ایکسپور ہوں گے۔