طبل جنگ بجا دیا، حکومت کی ہوائیاں اڑی ہوئی ہیں، پیپلز پارٹی

153

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف طبل جنگ بجا دیا گیا ہے ،حکومت کی ہوائیاں اڑی ہوئی ہیں، تحریک چلی تو حکومت برداشت نہیں کر پائے گی،ایک لکیر کھینچ دی گئی ہے ایک طرف جمہوری قوتیں ہو گی اور دوسری طرف سلیکٹرز کا نظام ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ اور مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پلوشہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اے پی سی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ کہ جمہوری قوتیں آج اکٹھی ہوئی ہیں۔ آج پاکستانی عوام کو جمہوری قوتوں کی آواز سنائی گئی ہے یہ آواز آصف زرداری ، نواز شریف ، بلاول زرداری اورشہباز شریف کی تھی۔ عوام پوچھ رہے ہیں کہ سیاسی جماعتیں کب باہر نکلیں گی اب ہمیں باہر نکلنا ہوگا لیکن اس سے پہلے ہی حکومت کی ہوائیاں اڑی ہوئی ہیں، کچھ سلیکٹڈ حکومت کے وزرا اے پی سی کے حوالے سے اپنا ردعمل دے رہے ہیں۔ پلوشہ خان کا کہنا تھا کہ تمام اپوزیشن کو بلاول زرداری نے ایک لڑی میں پرو دیا ہے سلطنت نیازیہ کے خلاف طبلِ جنگ بجا دیا گیا ہے کہتے تھے۔یہ سلیکٹڈ نہیں جانتے کہ دھرنا کرنا آسان ہے مگر 24 گھنٹے کی تحریک ان سے برداشت نہیں ہو گی۔ موجودہ حکومت کو کشمیر ، معیشت کی تباہی، پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنا، لاقانونیت، آٹا چینی بحران ، آئی ایم ایف سے ڈیل ان سب کا جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو نئی آزادی مبارک ہو اب کسی کی زبان بندی نہیں ہو سکے گی۔ بیساکھیوں کے سہارے چلنے والے جمہوری لیڈروں کے سامنے بدحواسی کا شکار ہو رہے ہیں۔