کورونا کی وبا ہمارے لیے ایک بڑا چیلنج تھی، ڈی جی صحت سندھ

155

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سندھ حیدر آباد کی جانب سے عالمی ادارہ صحت حیدر آباد کے دفتر کے تعاون سے گزشتہ روز مریضوں کے تحفظ کا عالمی دن منایا گیا، تقریب تقسیم ایوارڈ سرکاؤس جی سائیکیاٹری انسٹیٹیوٹ آف حیدر آباد کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں ڈی جی ہیلتھ سروسز سندھ ڈاکٹر ارشاد احمد میمن، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عبد الخالق ڈومکی، ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ ایجوکیشن موسیٰ قاضی، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ میمن، ڈاکٹر نوید، ڈاکٹر سارہ سلمان، ڈاکٹر بدر منیر کے علاوہ محکمہ صحت کے دیگر افسران سمیت ڈاکٹروں اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے ڈی جی ہیلتھ سروسز سندھ ڈاکٹر ارشاد احمد میمن نے کہا کہ کورونا کی وبا ہمارے لیے ایک بڑا چیلنج تھی اور اس وبا کو جس طرح محکمہ صحت نے عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے سامنا کیا اور لوگوں کو اس وبا سے بچانے کے لیے اپنی ان تھک کوششیں کیں جس پر محکمہ صحت کی پوری ٹیم خصوصاً عالمی ادارہ صحت کے بھرپور تعاون پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ کسی بھی وبا سے حکومت تنہا نمٹ نہیں سکتی اس لیے تمام ادارے باہمی رابطے میں رہ کر کام کریں تاکہ ہر مصیبت سے بروقت نمٹا جا سکے۔ اس موقع پر باتیں کرتے ہوئے عالمی ادارہ صحت کی سب آفس سندھ کی ہیڈ ڈاکٹر سارہ سلمان نے کورونا کے دوران مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیے گئے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے حکومت سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔