سندھ پولیس ملزمان کی گرفتاری میں غفلت کا مظاہرہ کر رہی ہے‘عدالت عظمیٰ

160

اسلام آباد(اے پی پی)عدالت عظمیٰ نے سندھ کے علاقہ میہڑ میں تہرے قتل سے متعلق کیس کی جمعرات 17 ستمبر 2020ء کو ہونے والی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ جمعہ کو عدالت عظمیٰ سے جاری تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سندھ پولیس ملزمان کے اثر و رسوخ پر یا جان بوجھ کر ملزمان کی گرفتاری میں غفلت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ عدالت عظمیٰ نے تحریری حکم نامے میں قرار دیا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے گزشتہ3 ماہ کی پولیس کارگردگی رپورٹ آئندہ سماعت پر پیش کی جائے اور مفرور ملزمان کے سر کی قیمت مقرر کرنے سے متعلق سندھ حکومت عدالت عظمیٰ کو آگاہ کرے۔ عدالت عظمیٰ نے آئندہ سماعت پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو طلب کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ کیس سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔ عدالت عظمیٰ نے آئی جی سندھ،آئی جی بلوچستان، ڈی آئی جی حیدر آباد اور چیف سیکرٹری سندھ کو بھی نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔ کیس کی سماعت 24 ستمبر کو ہو گی۔ واضح رہے کہ سندھ کے ضلع دادو کے علاقہ میہڑ میں ہونے والے تہرے قتل کیس میں ام رباب چانڈیو نے عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کر رکھی ہے۔