قومی ٹی ٹوئنٹی کپ، کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر کھلاڑی اور اسپورٹ اسٹاف طلب

506

لاہور:پی سی بی نے چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے فرسٹ الیون اسکواڈز کی پہلی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کے بعد  103 کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کوسنٹرل اسٹیشنز میں طلب کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ان تمام افراد کے پہلے کوویڈ19 ٹیسٹ منفی آئے ہیں،اب ان 103 افراد کی دوسری کوویڈ19 ٹیسٹنگ (کل)جمعہ کو پی سی بی میڈیکل ٹیم کی زیرنگرانی ان کی ٹیم کے لیے مقررہ سنٹرل اسٹیشنز پر ہوگی۔

سنٹرل پنجاب، خیبرپختونخوا، ناردرن اور سدرن پنجاب کے لیے رمادا ہوٹل ملتان جبکہ بلوچستان اور سندھ کے لیے مریدکے کنٹری کلب لاہور کو سنٹرل اسٹیشن مقرر کیا گیا ہے۔

 اس دوران اسکواڈز میں شامل ہر فرد کو علیحدہ  علیحدہ کمروں میں رہائش دی جائے گی،ان اسکواڈز میں شامل ایک فرد کا کوویڈ19 ٹیسٹ مثبت آیا ہے، انہیں آئندہ پانچ روز کے لیے اپنی رہائشگاہ میں سیلف آئسولیٹ کردیا گیا ہے،جس کے  بعد ان کاایک اور کوویڈ19 ٹیسٹ ہوگا۔اس ٹیسٹ کا رزلٹ منفی آنے کی صورت میں انہیں دوسرے ٹیسٹ کے لیے سنٹرل اسٹیشن طلب کیا جائے گا۔

دورہ انگلینڈ سے وطن واپس پہنچنے والے قومی کرکٹرز کو اپنے پہلے کوویڈ19 ٹیسٹ کی رپورٹ 22 ستمبرکو پی سی بی کےشعبہ میڈیکل اینڈ اسپورٹس سائنسز کو جمع کرانی ہے۔