جنسی زیادتی کے مجرموں کو سخت سزا دینے سے متعلق بل لانے کی تیاری

564

وفاقی حکومت بچوں کو جنسی زیادتی کا شکار بنانے والوں کے خلاف بل لانے کی تیاری کر رہی ہے جس کے تحت سخت سزا ہوگی۔

یہ بات پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے نجی نیوز ٹی وی کے پروگرام میں کی۔

سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ زینب الرٹ بل پی ٹی آئی کی حکومت لائی، زیادتی کے مجرموں کی سخت سزا سے متعلق بل لا رہے ہیں، حکومت اس حوالے سے کام کرے گی۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ زیادتی کے مجرموں کے خلاف قانون ناگزیر ہے کیونکہ زیادتی کے مجرم بلیک میل کر کے صلح کے لیے دباؤ ڈالتے ہیں اور رہا کر دیے جاتے ہیں۔

سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ ہم زیادتی کے مجرموں کو عبرتناک سزا دینے کے حامی ہیں اور زیادتی کے مجرموں کی کیمکل کیسٹریشن کا قانون لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر زیادتی کے مجرموں کی سخت سزا سے متعلق بل لا رہے ہیں، موٹروے زیادتی کیس میں ملزمان تک پہنچنے میں پولیس نے اہم کردار ادا کیا تاہم ہم نے پولیس محکمے میں مزید اصلاحات لانی ہیں۔