ٹیکس وصولی سائٹ لمیٹڈ منتقل کرنیکا فیصلہ سڑکوں کیلیے 1.37 بلین منظور

171

کراچی (نمائندہ جسارت)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سائٹ انڈسٹریل ایریا کی تمام خستہ حال سڑکوں کی تعمیر نو کے لیے1.37 بلین روپے کی منظوری دے دی اور سائٹ ایریا میں پراپرٹی ٹیکس کی وصولی محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سے سائٹ لمیٹڈ کو منتقل کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں سراج قاسمتیلی کی سربراہی میں سائٹ ایسوسی ایشن کے وفد کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں کیا۔ وفد کے دیگراراکین میں زبیر موتی والا، سلیمان چائولہ، فرحان اشرفی، جاوید بلوانی، سلیم پاریکھ، عبدالہادی اور عبد الرشید شامل تھے۔ صنعت کاروں نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ سائٹ ایریاکی سڑکوں کی حالت پہلے ہی خستہ حال تھی اور حالیہ شدید بارش سے وہ مزید تباہ ہوگئی ہیں‘ اس وقت سڑکیں استعمال کے قابل نہیں ہیں اور تیار شدہ سامان کی نقل و حمل ایک مشکل کام بن گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ سائٹ لمیٹڈ کی مالی حالت غیر یقینی ہے
کیونکہ اس پر ضرورت سے زیادہ دباؤ ہے۔ وزیر صنعت جام اکرام نے اس بیان کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ سائٹ کے لیے450 ملازمین کی ضرورت ہے لیکن 1500 ملازمین کا بوجھ برداشت کر رہا ہے۔ وفد نے وزیراعلیٰ سندھ کو تجویز دی کہ سائٹ ایریا کے پراپرٹی ٹیکس کی وصولی سائٹ لمیٹڈ کو دی جائے تاکہ مقامی طور پر حاصل ہونے والی رقوم کو سائٹ کے علاقے کی ترقی پر استعمال کیا جاسکے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت کراچی میگا پروجیکٹ کے تحت تمام سڑکوں کی تعمیر نو کرے گی۔ انہوں نے سائٹ کراچی کی خستہ حال سڑکوں کی تعمیر نو کے لیے 1.37 ارب روپے کی رقم کی منظوری دی اور محکمہ صنعت کو ہدایت کی کہ وہ اس منصوبے کا پی سی ون تیار کرکے اسے منظوری کے لیے پی اینڈ ڈی میں پیش کرے۔ انہوں نے وزیر بلدیات سید ناصر شاہ کو ہدایت کی کہ وہ سائٹ کی سڑکوں کی بحالی کا کام کراچی میگا پروجیکٹ ٹیم کو تفویض کریں لیکن صنعتکاروں کی ایک کمیٹی اس تعمیراتی کام کی نگرانی کرے گی جس کے لیے سائٹ ایسوسی ایشن ناموں کی سفارش کرے گی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ سڑکوں کے ساتھ ساتھ نکاسی آب کا نظام بھی تیار کیا جائے تاکہ بارش کے پانی کی نکاسی خود بخود ہوسکے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے پراپرٹی ٹیکس کی وصولی سائٹ لمیٹڈ کے حوالے کرنے پر اصولی طور پر اتفاق کیا اور مشیر قانون مرتضیٰ وہاب کو ہدایت کی کہ وہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سے پراپرٹی ٹیکس کی وصولی واپس لینے کے لیے قانونی منصوبے پر عمل کریں اور اسے سائٹ لمیٹڈ کے حوالے کردیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر صنعت جام اکرام کو ہدایت کی کہ وہ سائٹ لمیٹڈ کو بحال کریں اور اسے ایک متحرک تنظیم بنائیں۔