مستحق افراد کی مدد کرنا ہمارا قومی اور دینی فریضہ ہے،ذکراللہ مجاہد

360

لاہور (نمائندہ جسارت) سرپرست اعلیٰ الخدمت فاؤنڈیشن لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہاہے کہ عبادت صرف نماز، زکوٰۃ، روزہ اور حج کا نام نہیں بلکہ ہر معاملے میں اطاعت الٰہی کا نام ہے، اطاعت میں حقوق اللہ اور حقوق العباد دونوں شامل ہیں۔ اس لیے مستحق اور ضرورت مند افراد کی مدد کرنا ہمارا قومی اور دینی فریضہ ہے۔خدمت خلق وہ جذبہ ہے جسے ہر مذہب و ملت اور ضابطہ اخلاق میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن شہر کے ضرورت مند اور مستحق افراد کی فلاح و بہبود کیلیے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تقریب چائنا اسکیم مقامی ہوٹل میں الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ضرورت مند اور مستحقین افراد میں الخدمت فوڈ ڈسٹری بیوشن فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد امیر جماعت اسلامی علاقہ شمالی لاہور چودھری محمد شوکت،زاہد شباب بٹ و دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔سرپرست اعلیٰ الخدمت فاؤنڈیشن لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ راشن کی فراہمی کا مقصد کمرتوڑ مہنگائی میں ضرورت مند اور بے روزگار افراد کی مدد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا ایک بہت بڑا حصہ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہا ہے۔ ہمارے حکمران ذخیرہ اندوزوں، اسمگلروں اور منافع خوروں کے سامنے بے بس ہو چکے ہیں۔ کمر توڑ مہنگائی اور بے روزگار غریب عوام فاقوں پر مجبور ہے۔ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے ان کی پریشانیوں میں مہنگائی کے ذریعے اضافہ کررہی ہے۔ آٹا، چینی، سبزیاں، دالوں سمیت تمام اشیا ضروریہ غریب عوام کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیں۔ صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ملک کے غریب اور مستحق افراد کی پشتی بانی کا کردار ادا کررہی ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن لاہور بلا تفریق بلاامتیاز شہر کے مستحقین کی فلاح و بہبود کیلیے کام کررہی ہے۔جبکہ شہر بھر کے محروم طبقات کی خوشحال زندگی کیلیے مختلف پروجیکٹ پر کام کررہے ہیں۔