جماعت اسلامی خواتین کراچی کی نومنتخب ارکان شوریٰ نے حلف اٹھالیا

304

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی کی شوریٰ کا اجلاس ادارہ نورحق میں منعقد ہوا ،اجلاس کی صدارت جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی ناظمہ اسما سفیر نے کی ،اجلاس میں سیشن 2020-22ء کی نومنتخب ارکان شوریٰ نے حلف اٹھالیا ۔ شوریٰ کے اجلاس میں دعوتی،تربیتی اور تنظیمی کاموں کا جائزہ لیا گیااور جماعت اسلامی کی دعوت کو مؤثر انداز میں پیش کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی۔اجلاس میں متفقہ طور پر قرارداد منظور کی گئی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ معاشرے میں خواتین کے ساتھ بڑھتے ہوئے جرائم اور مظالم کو روکنے کے لیے مؤثر قانون سازی کی جائے ،مجرموں کو پھانسی کی سزا دی جائے اور وہ تمام عوامل جو اس قسم کے واقعات کو پیدا کرنے کا سبب ہیں ان کا سدباب کیا جائے ،قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ملک کو سب سے زیادہ ریونیو دینے والے میگا سٹی کراچی کی صورتحال بہت خراب ہے ،کراچی کے لیے مختص ترقیاتی بجٹ میں اضافہ کیا جائے اور عوام کے مسائل حل کیے جائیں ۔جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی کی شوریٰ شہر کی حالیہ سنگین صورتحال پر اپنی گہری تشویش اور اس امر کا اظہار کرتی ہیںکہ کراچی بچائو مارچ میں خواتین بھی اپنا بھرپورکردار اداکریں گی اور بڑی تعداد میں شریک ہوں گی ۔اسما سفیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اقتدار کے درمیان رسہ کشی کی وجہ سے شہر کھنڈر اور کچرے کا ڈھیر بن کر رہ گیا ہے ، کراچی سے منتخب ہونے والے حکمران پارٹیوں کے ایم این ایزاور ایم پی ایزکو کراچی کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے ،بارش کے باعث جگہ جگہ کھڑے پانی کی نکاسی کا کوئی انتظام تک موجود نہیں ہے جس کے باعث شہر میں ایک بڑی بیماری پھیلنے کاخدشہ ہے ،کراچی کے آفت زدہ علاقوں میں متاثرین کی اب تک داد رسی نہیں کی گئی ۔اسما سفیر نے موٹر وے حادثے پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے ساتھ بڑھتے ہوئے جرائم اور مظالم بند کرانے کے لیے قوانین پر عمل درآمد کرایا جائے،مجرموں کو پھانسی دی جائے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مضبوط قوانین بناکر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے۔حلقہ خواتین کراچی کی نومنتخب ارکان شوریٰ میں ضلع وسطی سے مسرت جنید،مدیحہ عزیز، ثمینہ مرسلین، ضلع شرقی سے ندیمہ تسنیم، افشاں نوید، رفعت بشیر، ضلع جنوبی سے شبنم امیر، ذکیہ اقبال، شہناز کمال، ضلع گلبرگ سے عفیفہ چغتائی، ثمینہ قمر، ضلع شمالی سے مہر افشاں، بشریٰ مقصود، ضلع ائر پورٹ سے عذرا جمیل، ساجدہ تنویر، ضلع قائدین سے گل رخ مسعود، ضلع غربی سے نفیسہ رکن الدین، ضلع کورنگی سے ناہید ظہیر اور ضلع ملیر سے جمیلہ عبد الرحمن شامل ہیں ۔