لاہور موٹروے زیادتی کیس: نئے آئی جی پنجاب کا ملزمان کی شناخت کا دعویٰ

676

لاہور: پنجاب کے نئے انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس انعام غنی نے دعویٰ کیا ہے کہ موٹروے پر خاتون سے زیادتی کرنے والے ملزمان کی شناخت اور ان تک پہنچنے کے لیے ثبوت مل گیا۔

نجی نیوز ٹی وی کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پولیس انعام غنی نے کہا کہ موٹروے پر خاتون سے کرنے والے ملزمان کا پتہ لگالیا ہے، جلد گرفتاریاں عمل میں لائیں گے۔

انعام غنی نے کہا کہ متاثرہ خاتون نے ملزمان کی شناخت ظاہر کردی ہے جس کی مدد سے پولیس نے ملزمان کے گاؤں کا سراغ لگا لیا ہے۔

آئی جی پنجاب نے تحقیقات مکمل ہونے تک ملزمان کی شناخت میڈیا پر ظاہر نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

آئی جی پنجاب نے بتایا کہ پورے علاقے کا نادرا ریکارڈ لے لیا ہے، ملزمان کی ایج بریکٹ کے لوگوں کو شناخت کیا ہے اور 70 ایسے لوگ ہیں جن کا پہلے سے کرمنل ریکارڈ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر موٹروے یا اس کے پاس کوئی واقعہ ہوتا ہے ہم ذمہ دار ہیں، ہم خود ملزمان تک پہنچیں گے، اگر اس کیس میں ابھی غلطی ڈھونڈیں گے تو ملزمان بچ جائیں گے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گِل نے ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور موٹروے پر خاتون سے زیادتی کے کیس میں 12 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

شہباز گِل کے مطابق تفتیش میں اربن رورل پولیسنگ کی تکنیک استعمال کی جا رہی ہے، سی سی پی او لاہور تفتیشی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔